رسائی کے لنکس

امریکہ اور چین کے درمیان 250 ارب ڈالر کے سمجھوتے


اپنی تقریر میں صدر ٹرمپ نے کئی بار چینی صدر کی تعریف کرتے ہوئے انہیں "بہت خاص شخص" قرار دیا۔

امریکہ اور چین نے 250 ارب ڈالر مالیت کے تجارتی سمجھوتے کیے ہیں جب کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی کمپنیوں کو چین کی منڈیوں تک زیادہ رسائی ملنی چاہیے۔

جمعرات کو دونوں ملکوں کی کئی بڑی کمپنیوں کے مابین بیجنگ میں ہونے والی تجارتی معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے چینی ہم منصب ژی جن پنگ بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے اپنے چینی ہم منصب کی اس یقین دہانی کی تعریف کی کہ چین غیر ملکی کمپنیوں کو اپنی منڈیوں تک زیادہ رسائی دے گا۔

صدر ٹرمپ نے چین اور روس سے شمالی کوریا کے معاملے پر امریکہ کے ساتھ تعاون کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ چین، پیانگ یانگ کے مسئلے کو زیادہ آسانی اور تیزی سے حل کرسکتا ہے۔

انہوں نے چین سے شمالی کوریا کے ساتھ اپنے معاشی تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پیانگ یانگ کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے باز رکھنے کے لیے چین کو مزید کردار ادا کرنا ہوگا۔

اپنے خطاب میں چینی صدر کا کہنا تھا کہ امریکی اور دیگر غیر ملکی کمپنیوں کی شمولیت کے لیے چینی معیشت کو مزید شفاف اور وسیع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہوگی اگر امریکی کمپنیاں بھی ان کی حکومت کے 'بیلٹ اینڈ روڈ' پروگرام سے منسلک منصوبوں پر کام کرنے کے لیے آگے آئیں۔

اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ نے شکوہ کیا کہ چین اور امریکہ کے درمیان تجارت کا حجم ہمیشہ سے چین کے حق میں رہا ہے لیکن ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ وہ اس کا الزام چین کے بجائے اپنے پیش روؤں پر عائد کرتے ہیں۔

اپنی تقریر میں صدر ٹرمپ نے کئی بار چینی صدر کی تعریف کرتے ہوئے انہیں "بہت خاص شخص" قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور چینی صدر مل کر دونوں ملکوں کے درمیان تجارت متوازن بنائیں گے جس کا دونوں قوموں کو بہت فائدہ ہوگا۔

صدر جن پنگ نے اپنے اس موقف کو دہرایا کہ چین شمالی کوریا کے مسئلے کا بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے پرامن حل چاہتا ہے۔

اس سے قبل اپنے پہلے دورۂ چین پر بیجنگ پہنچنے کے بعد صدر ٹرمپ کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب جمعرات کو بیجنگ کے مشہور 'گریٹ ہال' کے باہر منعقد کی گئی جسے غیر روایتی طور پر چین کے سرکاری ٹی وی نے بھی براہِ راست نشر کیا۔

صدر ٹرمپ بدھ کو جنوبی کوریا کا دورہ مکمل کرنے کے بعد بیجنگ پہنچے تھے جہاں انہوں نے بدھ کی شام اپنی اہلیہ اور چینی صدر اور ان کی اہلیہ کے ہمراہ تفریحی مقامات کا دورہ کیا۔

صدر ٹرمپ کے ہمراہ کئی بڑی امریکی کمپنیوں کے سربراہان بھی چین آئے ہیں جن کے وفد کی قیادت امریکہ کے وزیرِ تجارت ولبر روز کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG