رسائی کے لنکس

امریکہ میں پناہ گزینوں کے داخلے پر عارضی پابندی ختم


ّ(فائل فوٹو)
ّ(فائل فوٹو)

پناہ گزینوں کی آمد پر پابندی سے متعلق صدر ٹرمپ کے ایکزیکٹو آرڈر کے باوجود جنوری سے اب تک ہزاروں افراد ملک میں داخل ہونے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک میں پناہ گزینوں کا داخلہ دوبارہ شروع کرنے سے متعلق ایک حکم نامے پر دستخط کیے ہیں لیکن ان گیارہ ملکوں سے آنے والے والوں کو کڑی جانچ پڑتال کے عمل سے گذرنا ہوگا جسے امریکہ اپنی قومی سلامتی کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیتا ہے۔

امریکی عہدے داروں نے اس فہرست میں شامل ملکوں کا نام بتانے سے انکار کیا ہے، تاہم خبررساں ادارے روئیٹرز اور فرنچ نیوز ایجنسی نے کہا ہے کہ اس فہرست میں وہ ملک بھی شامل ہیں جن کے شہریوں کو پہلے ہی کڑی جانچ پڑتال اور نگرانی کے عمل سے گذرنا پڑ تا ہے۔

خبررساں اداروں نے کہا ہے کہ ان ملکوں میں مصر، ایران، عراق، لیبیا، مالی، شمالی کوریا، صومالیہ، جنوبی سوڈان، سوڈان، شام اور یمن شامل ہیں۔

منگل کو جاری ہونے والا یہ حکم نامہ صدر ٹرمپ کی ان تازہ ترین کوششوں کا حصہ ہے جس کا وعدہ انہوں نے اپنی انتخابي مہم کے دوران یہ کہتے ہوئے کیا تھا کہ وہ امریکہ آنے والے پناہ گزینوں کی تعداد میں کمی کریں گے۔

پناہ گزینوں کی آمد پر پابندی سے متعلق صدر ٹرمپ کے ایکزیکٹو آرڈر کے باوجود جنوری سے اب تک ہزاروں افراد ملک میں داخل ہونے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔ کیونکہ عارضی پابندی کے اس حکم نامے کا راستہ اس کے خلاف عدالتی فیصلوں نے روک دیا تھا۔ بعدازاں امریکی سپریم کورٹ نے یہ کہا تھا کہ ایسے افراد امریکہ آ سکتے ہیں جن کے مستند قریبی رشتے دار یہاں موجود ہیں۔

XS
SM
MD
LG