رسائی کے لنکس

ٹیکساس: امدادی کارروائیاں جاری، ٹرمپ آج دورہ کریں گے


طوفان کے باعث ہونے والے حادثات اور سیلاب سے اب تک نو افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ لاکھوں افراد کو اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر پناہ لینا پڑی ہے۔

امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ آج ریاست ٹیکساس کے ان ساحلی علاقوں کا دورہ کریں گے جو گزشتہ ہفتے آنے والے سمندری طوفان 'ہاروی' سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

طوفان سے ٹیکساس میں واقع امریکہ کے چوتھے بڑے شہر ہیوسٹن کے نشیبی علاقوں سمیت ٹیکساس کے کئی ساحلی شہر اور قصبے زیرِ آب آئے ہوئے ہیں۔

سیلاب سے شدید متاثر ہونے والی ریاست کی 25 فی صد کاؤنٹیز کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔

طوفان کے باعث ہونے والے حادثات اور سیلاب سے اب تک نو افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ لاکھوں افراد کو اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر پناہ لینا پڑی ہے۔

طوفان سے ٹیکساس کی آئل انڈسٹری اور دیگر صنعتی اداروں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے جس کا تخمینہ کئی ارب ڈالر لگایا جارہا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ منگل کی صبح ٹیکساس کے ساحلی قصبے کورپس کرسٹی پہنچیں گے جو جمعے کی شام ٹیکساس کے ساحل سے ٹکرانے والے 'ہاروی' کا سب سے پہلے نشانہ بنا تھا۔

حکام کے مطابق سوا تین لاکھ آبادی کا یہ شہر طوفان سے بری طرح متاثر ہوا ہے جس نے شہر کے انفراسٹرکچر کو بھی خاصا نقصان پہنچایا ہے۔

کورپس کرسٹی کے بعد صدر ٹرمپ ٹیکساس کے دارالحکومت آسٹن جائیں گے جہاں وہ ریاستی حکومت کے عہدیداران کے ساتھ ملاقاتوں اور امدادی کارروائیوں کے جائزے کے علاوہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا دورہ کریں گے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ 'ہاروی' گزشتہ 50 برسوں میں ٹیکساس سے ٹکرانے والا سب سے شدید طوفان ہے جس کے تحت علاقے میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ مزید کئی روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

طوفان کے باعث ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نیشنل گارڈز کے ہزاروں اہلکار مقامی پولیس، ریسکیو ورکرز اور سول رضاکاروں کے ساتھ مل کر سیلابی پانی میں پھنسے افراد کو نکالنے اور متاثرہ افراد تک امداد پہنچانے میں دن رات مصروف ہیں۔

ریاستی حکومت کے مطابق امدادی کارروائیوں میں دو درجن سے زائد ہیلی کاپٹر اور ہزاروں کشتیاں حصہ لے رہی ہیں۔

سیلاب کے باعث 60 لاکھ آبادی والے ہیوسٹن کی بیشتر بڑی شاہراہیں اور ہائی ویز گزشتہ تین روز سے سیلابی پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں اور شہر کے نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے۔

XS
SM
MD
LG