رسائی کے لنکس

شمالی کوریا سے رہائی پانے والے تینوں افراد امریکہ پہنچ گئے


رہائی پانے والے امریکی شہریوں کےا ستقبال کے لیے نائب صدر مائیک پینس بھی ہوائی اڈے پر موجود تھے۔ صدر ٹرمپ اور خاتونِ اول نے جہاز کے دروازے پر تینوں افراد کو خوش آمدید کہا۔

شمالی کوریا سے رہائی پانے والے تینوں امریکی شہری امریکہ پہنچ گئے ہیں جہاں ان کا صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہوائی اڈے پر استقبال کیا۔

تینوں امریکی شہری وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو کے ہمراہ ایک خصوصی طیارے کے ذریعے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب واشنگٹن ڈی سی کے نواح میں واقع فوجی ہوائی اڈے جوائنٹ بیس اینڈریوز پہنچے جہاں صدر ٹرمپ اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ نے ان کا استقبال کیا۔

رہائی پانے والے امریکی شہریوں کےا ستقبال کے لیے نائب صدر مائیک پینس بھی ہوائی اڈے پر موجود تھے۔ صدر ٹرمپ اور خاتونِ اول نے جہاز کے دروازے پر تینوں افراد کو خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے امریکی شہریوں کی واپسی کو "ایک یادگار لمحہ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ایسا ہوگا۔

امریکی وزیرِ خارجہ پومپیو گزشتہ روز ایک خصوصی طیارے میں ان تینوں کورین نژاد امریکی شہریوں – ٹونی کم، کم ہاک سونگ اور کم ڈونگ چل – کو لے کر پیانگ یانگ سے روانہ ہوئے تھے۔

ان افراد کے شمالی کوریا کی حدود سے نکل آنے کے فوراً بعد صدر ٹرمپ نے ایک ٹوئٹ میں ان کی رہائی کا اعلان کیا تھا۔

ٹونی کم اور کم ہاک سونگ پیانگ یانگ کے واحد نجی تعلیمی ادارے پیانگ یانگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے بطور استاد وابستہ تھے جنہیں شمالی کوریا کے حکام نے 2017ء میں الگ الگ حراست میں لے لیا تھا۔

حکام نے ان دونوں افراد پر ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور شمالی کوریا کی حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش تیار کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔

ان سے قبل کم ڈونگ چل کو شمالی کوریا کے حکام نے ملک کے شمال مشرقی حصے سے اکتوبر 2015ء میں گرفتار کیا تھا اور انہیں 2016ء میں شمالی کوریا کی حکومت کے خلاف جاسوسي کرنے کے الزام میں 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی تھی۔

امریکی محکمۂ خارجہ نے بدھ کی شب رہائی پانے والے ان تینوں افراد کا ایک مشترکہ بیان جاری کیا جس میں انہوں نے اپنی رہائی پر امریکی حکومت، صدر ٹرمپ، وزیرِ خارجہ پومپیو اور امریکی عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ان تینوں امریکی شہریوں کی رہائی کے وقت پیانگ یانگ میں موجود ایک اعلیٰ امریکی اہلکار نے مائیک پومپیو کے ہمراہ جانے والے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ان کی رہائی شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی جانب سے دی جانے والی معافی کے نتیجے میں عمل میں آئی ہے۔

تینوں افراد کو ہوائی اڈے پر ہونے والی استقبالیہ تقریب کے فوراً بعد میری لینڈ کے علاقے بتھیسڈا میں قائم 'والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر' منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا جائے گا۔

پیانگ یانگ کے اپنے غیر اعلانیہ دورے کے دوران امریکی وزیرِ خارجہ نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے بھی ملاقات کی جو ایک ماہ کے دوران دونوں رہنماؤں کی دوسری ملاقات تھی۔

لگ بھگ ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہنے والی اس ملاقات میں صدر ٹرمپ اور کم جونگ کے درمیان ہونے والی مجوزہ ملاقات کی تفصیلات طے کی گئیں۔

بدھ کو صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملاقات کا وقت اور مقام طے کرلیا گیا ہے جس کا اعلان تین روز میں کردیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG