رسائی کے لنکس

انقرہ: ایمنسٹی کے مقامی سربراہ کی رہائی کے احکامات


ترکی کی ایک عدالت نے ’ایمنسٹی انٹرنیشنل‘ کے مقامی سربراہ کی رہائی کے احکامات دیے ہیں۔ یہ بات بدھ کے روز انسانی حقوق کے گروپ نے بتائی ہے۔

تانر کلش دہشت گردی کے الزامات پر ایک برس سے زیادہ عرصے سے قید ہیں۔ اُن پر امریکہ میں مقیم عالم دین، فتح اللہ گولن کی حمایت کا الزام ہے، جن پر ترک حکومت جولائی 2016ء میں تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کے الزام میں ملوث قرار دیتی ہے۔

کلش کو رہا کرنے کے فیصلے سے ایک ہی روز قبل ترک عدالت نے یونان کے دو فوجیوں کی رہائی کا حکم دیا، جس سے ترکی اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات میں گرمجوشی کے امکانات روشن لگتے ہیں۔

یورپی یونین کلش کو قید کرنے کی مذمت کرتا رہا ہے۔ بقول اُس کے، ’’یہ ترکی میں قانون کے نفاذ کا ایک من مانا طور طریقہ ہے‘‘۔ ترکی یورپی یونین میں شمولیت کا خواہاں ہے۔

کلش انسانی حقوق کے اُن متعدد سرگرم کارکنان میں سے ایک ہے جنھیں ترکی میں تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کے بعد ملک بھر میں کی جانے والی کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے نئے سکریٹری جنرل، کومی نائدو نے کلش کی رہائی کے فیصلے کو سراہا ہے۔ لیکن، کہا ہے کہ ’’ترکی میں انسانی حقوق کی جدوجہد جاری رہے گی‘‘۔

XS
SM
MD
LG