رسائی کے لنکس

بھارت کا 21 سالہ نوجوان کم عمر ترین جج بن گیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کی ریاست راجستھان میں 21 سالہ نوجوان نے تعلیم مکمل کرتے ہی جج بننے کا امتحان پاس کرکے ملک کا کم عمر ترین جج ہونے کا ریکارڈ بنایا ہے۔

بھارتی اخبار 'ہندوستان ٹائمز' کی رپورٹ کے مطابق 21 سالہ ماینک پرتاب سنگھ بھارت کی ریاست راجستھان کے رہائشی ہیں۔ انہوں نے راجستھان جوڈیشل سروسز کے امتحانات میں پہلی ہی کوشش میں کامیابی حاصل کی اور ساتھ اوّل پوزیشن کے بھی حقدار ٹہرے۔

خبر رساں ادارے 'اے این آئی' کے مطابق ماینک پرتاب سنگھ کا کہنا تھا کہ انہوں نے 2014 میں بی اے ایل ایل بی میں داخلہ لیا تھا۔ یہ پانچ سال کی ڈگری ہے جو انہوں نے راجستھان یونیورسٹی سے حاصل کی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں شروع سے ہی جوڈیشل سروسز میں جانے کا خواہش مند تھا کیوں کہ معاشرے میں جج کو بہت زیادہ عزت دی جاتی ہے۔

'ہندوستان ٹائمز' کے مطابق جوڈیشل سروسز میں جانے کے لیے پہلے کم سے کم عمر کی حد 23 سال تھی۔ رواں برس ہی راجستھان ہائی کورٹ نے عمر کی حد کم کرکے 21 برس کی ہے۔

ماینک پرتاب سنگھ نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس فیصلے سے وہ اسامیاں بھی پُر ہو سکیں گی جو عمومی طور پر خالی رہ جاتی ہیں۔

عمر کی حد میں کمی کے فیصلے کے حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ میں عدالتی فیصلے کی وجہ سے ہی امتحانات میں شریک ہو سکا ہوں۔ اگر یہ فیصلہ نہ ہوتا تو میں بھی جج بننے کا اہل نہیں تھا۔

ماینک پرتاب سنگھ کا کہنا تھا کہ میں سیکھنے میں زیادہ وقت صرف کروں گا جب کہ کام بھی زیادہ کرنے کی کوشش ہوگی کیوں کہ میں بہت کم عمر میں جوڈیشل سروسزکا حصہ بنا ہوں۔

بھارتی اخبار 'ٹائمز آف انڈیا' کی رپورٹ کے مطابق راجستھان جوڈیشل سروسز کے امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں میں 64 فی صد لڑکیاں ہیں جب کہ 36 فی صد لڑکے کامیاب ہوئے ہیں۔

امتحانات میں مجموعی طور پر 197 امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جن میں 127 لڑکیاں ہیں۔

'ٹائمز آف انڈیا' کے مطابق امتحانات میں اولین 10 پوزیشنز میں بھی 8 لڑکیوں کے پاس ہیں جب کہ دو لڑکوں کو ملی ہیں۔

خیال رہے کہ 21 سالہ ماینک پرتاب سنگھ نے راجستان جوڈیشل سروسز کے امتحان میں اوّل پوزیشن حاصل کی ہے جب کہ کامیاب اولین دس امیدواروں میں دسویں نمبر پر آنے والا امیدوار بھی ایک لڑکا ہی ہے۔ دوئم سے نویں تک تمام پوزیشنز لڑکیوں نے حاصل کی ہیں۔

واضح رہے کہ راجستھان جوڈیشل سروسز کے امتحان میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو تربیت کے بعد ابتدائی طور پر سول جج تعینات کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG