رسائی کے لنکس

امریکہ کی کئی ریاستوں میں طوفانی بگولوں سے تباہی، اموات 32 ہو گئیں


امریکہ کی جنوبی اور وسط مغربی ریاستوں میں ہفتے کو طوفانی بگولوں کےسبب بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 32 ہو گئی ہے۔

طوفانی بگولوں کی وجہ سے کم از کم آٹھ ریاستوں میں جانی اور مالی نقصانات ہوئے ہیں۔ بگولوں کے باعث ریاست ٹینیسی کی ایک کاؤنٹی میں نو افراد ہلاک ہوئے جب کہ چار افراد آرکنسا کے ایک چھوٹے سے قصبے وین میں جان کی بازی ہار گئے۔

ریاست الی نوائے میں چار اور انڈیانا میں تین افراد کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب طوفانی بگولے کے سبب مزید ہلاکتیں دیگر علاقوں سے رپورٹ کی گئیں جن میں الاباما اور مسی سپی شامل ہیں جب کہ آرکنسا کے حکام کے مطابق 2600 سے زائد عمارتیں طوفانی بگولوں کی زد میں آئی ہیں۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق طوفانی بگولوں کی رفتار 165 میل فی گھنٹہ تک تھی۔

رپورٹس کے مطابق آٹھ ریاستوں میں طوفانی بگولوں کی وجہ سے گھر اور کاروبار تباہ ہوئے ہیں جب کہ تیز ہواؤں سے درخت اکھڑ گئے۔

ریاست ٹینیسی کے شہر میمفس کے مغرب میں 80 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع وین کے شہریوں کے لیے ہفتے کی صبح انتہائی سخت تھی کیوں کہ ان کے سامنے وہ اسکول تھا جس کی کی چھت اڑی ہوئی تھی جب کہ اسکول کی کھڑکیاں غائب تھیں۔

بڑے بڑے درخت زمین پر پڑے تھے اور اکثر و بیشتر درخت جڑوں سے اکھڑے ہوئے تھے۔ بیشتر گھروں کی دیواریں منہدم ہو چکی تھیں اور کھڑکیاں ٹوٹ چکی تھیں۔

میمفس کی پولیس کے ترجمان کرسٹوفر ولیمز کا کہنا تھا کہ علاقے میں ہونے والی تین اموات موسمی وجوہات کے سبب ہوئیں جن میں دو بچے اور ایک اور شخص شامل ہیں۔ان افراد کی موت ان کے گھر پر گرنے والے درخت کی وجہ سے ہوئی۔

دوسری طرف ٹینیسی ریاست کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ جمعے کی رات جیسے موسمی حالات منگل کو بھی متوقع ہیں۔

ریاست الی نوائے کے علاقے بیلویڈیر میں واقع اپولو تھیٹر کی چھت کا ایک حصہ اس وقت گرا جب لوگ کنسرٹ میں شرکت کر رہے تھے۔

ریاست الی نوائے کی کاؤنٹی کرافورڈ کے بورڈ کے سربراہ بل برک کا کہنا تھا کہ تین افراد ہلاک اور آٹھ افراد اس وقت زخمی ہوئے جب طوفانی بگولہ نیو ہیبرون میں آیا۔

بل کے مطابق 60 سے 100 خاندان طوفانی بگولوں کی وجہ سے بے گھر ہوئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق پانچ لاکھ 30 ہزار سے زائد گھر اور کاروبار ہفتے کی دوپہر تک بجلی سے محروم تھے جن میں سے دو لاکھ سے زائد اوہائیو میں واقع ہیں۔

XS
SM
MD
LG