رسائی کے لنکس

امریکہ: چاقو کے وار سے 20 طلبہ زخمی


واقعے کے بعد 'فرینکلن ریجنل ہائی اسکول' کی عمارت کے باہر امدادی اہلکار اور پولیس حکام موجود ہیں۔
واقعے کے بعد 'فرینکلن ریجنل ہائی اسکول' کی عمارت کے باہر امدادی اہلکار اور پولیس حکام موجود ہیں۔

مقامی حکام کے مطابق تمام زخمی اسکول کے طلبہ ہیں جن کی عمریں 14 سے 17 برس کے درمیان ہیں۔

امریکہ کے ایک ہائی اسکول میں چاقو سے لیس ایک طالبِ علم کے حملے میں کم از کم 20 طلبہ زخمی ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق واقعہ امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر پٹس برگ سے 28 کلومیٹر مشرق میں واقع قصبے 'مورسوِلے ' کے 'فرینکلن ریجنل ہائی اسکول' میں بدھ کی صبح پیش آیا۔

مقامی حکام کے مطابق تمام زخمی اسکول کے طلبہ ہیں جن کی عمریں 14 سے 17 برس کے درمیان ہیں۔

جائے واقعہ پر امدادی سرگرمیاں انجام دینے والے ادارے کے ایک ترجمان نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ زخمی ہونے والے کم از کم چار طلبہ کو شدید نوعیت کے زخم آئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق زخمیوں میں شامل بعض طلبہ کو چاقو کے زخم نہیں لگے بلکہ وہ حملے کے دوران مچنے والی بھگدڑ کے نتیجے میں چوٹیں لگنے کے باعث زخمی ہوئے ہیں۔

حکام نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ حملہ کرنے والے مشتبہ طالبِ علم کو حراست میں لے لیا گیا ہے جس سے تفتیش کی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ امریکہ میں ذہنی دباؤ یا پریشانی کا شکار طلبہ یا عام افراد کی جانب سے ماضی میں اسکولوں اور کالجوں میں گھس کر فائرنگ کرنے کے واقعات پیش آتے رہے ہیں جن میں اکثر ہلاکتیں بھی ہوتی ہیں۔
XS
SM
MD
LG