رسائی کے لنکس

ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیک ڈورسی کا ٹوئٹر اکاونٹ سیکور کر لیا گیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو افسر جیک ڈورسی کا جمعے کی شام سوشل نیٹ ورک اکاؤنٹ ہیک ہوگیا ہے۔

ٹوئٹر کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ جیک ڈورسی کا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا تھا۔ اس معاملے کی تفتیش جاری ہے۔ ادارے نے قابل اعتراض ٹوئٹس کو شام چار بج کر 10 منٹ ہر ڈیلیٹ کر دیا تھا۔

ادارے نے اعلان کیا ہے کہ اب جیک ڈورسی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ سکیور کر لیا گیا ہے۔

اس سے قبل فلمی ستاروں جمیز چارلس اور شان ڈوسن کے ’یو ٹیوب‘ اکاؤنٹس ہیک ہوگئے تھے۔

چیٹ ایپ ’ڈسکورڈ‘ کا ایک گروپ جو اپنے آپ کو ’چَکلنگ اسکواڈ‘ کہتا ہے، دعویٰ کیا ہے کہ ڈورسی کا اکاؤنٹ اُسی نے ہیک کیا۔

اس سے قبل ادارے کی مواصلاتی ٹیم کے حوالے سے ’سی این این‘ نے خبر دی تھی کہ ’’ڈورسی کے اکاؤنٹ سے نسل پرستی کی نوعیت کے علاوہ دیگر تکلیف دہ ٹوئٹس جاری کی گئیں‘‘۔

خبر میں بتایا گیا تھا کہ ٹوئٹر نے اکاؤنٹ ہیک ہونے کی اطلاع دی ہے لیکن مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔

بتایا گیا ہے کہ نسل پرستی اور یہود دشمنی پر مبنی تمام پوسٹس ڈیلیٹ کر دی گئی ہیں۔

’ایسو سی ایٹڈ پریس‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق، یہ ٹوئٹس غیر مہذب نوعیت کی تھیں جن میں سے کچھ تقریباً 30 منٹ تک شائع رہیں جس کے بعد ٹوئٹر نے انہیں ڈیلیٹ کیا۔

جیک ڈورسی کے 42 لاکھ ’فولوورز‘ ہیں۔

سان فرانسسکو میں قائم کمپنی نے ڈورسی کا اکاؤنٹ سکیور کرنے کے بعد وہ اکاؤنٹس معطل کردیے جو ہیکر یا ری ٹوئٹ کرنے والوں نے استعمال کیے تھے۔

بتایا گیا ہے کہ ادارے نے وہ اکاؤنٹ بھی بند کر دیا ہے جو ہیکنگ کا ذمہ دار نظر آیا۔

ڈورسی کا اکاؤنٹ ایسے وقت ہیک کیا گیا جب کچھ ہی عرصہ پہلے انہوں نے یہ کہا تھا کہ ایسے اکاؤنٹس جو نفرت پر مبنی ہیں یا گالم گلوچ کرتے ہیں انہیں بند کر دیا جائے گا۔

اس سے قبل 2016 میں بھی ڈورسی کا اکاؤنٹ ہیک کیا گیا تھا۔ ہیک کرنے والے گروپ کا نام ’اورمائین‘ تھا جس نے دیگر نامور سوشل میڈیا کے سربراہان کے علاوہ فیس بک کے سربراہ، مارک زکربرگ کا اکاؤنٹ بھی ہیک کیا تھا۔

ہیکنگ کی خبر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر موجود دنیا کی اہم ترین شخصیات، چوٹی کے کاروباری حضرات، سیاست دانوں، جن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شامل ہیں، کے لیے شدید باعث پریشانی ہے۔

تاہم یہ بات ابھی واضح نہیں کہ ڈورسی نے اپنی ڈیجیٹل سکیورٹی کا درکار تحفظ نہیں کیا، ذاتی غلطی کی یا پھر معاملہ کچھ اور ہے۔

گزشتہ برس امریکی سینیٹ کے روبرو سماعت کے دوران تحریری بیان میں ٹوئٹر نے بتایا تھا کہ ڈورسی کے ٹوئٹر اور اِی میل اکاؤنٹس کے لیے ’ٹو۔فیکٹر‘ تصدیق کا نظام موجود ہے، حالانکہ بیان میں یہ نہیں بتایا گیا تھاکہ آیا ڈورسی ’سکیورٹی کی‘ استعمال کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG