رسائی کے لنکس

ٹوئٹ کی حد 280 حروف تک بڑھانے پر غور


گیارہ سال قبل وجود میں آنے والی مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کی ابتدا سے ہی ایک ٹوئٹ کی حد 140 حروف مقرر ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر ایک ٹوئٹ کے حروف کی مقررہ تعداد 140 سے بڑھا کر 280 کرنے کا تجربہ کر رہی ہے۔

کمپنی کے مطابق 280 حروف تک مشتمل ٹوئٹ کرنے کا آپشن تجرباتی طور پر بعض صارفین کے اکاؤنٹس کو دیا گیا ہے جن کے فیڈ بیک کی روشنی میں حروف کی تعداد مستقل بڑھانے پر غور کیا جائے گا۔

ٹوئٹ کے حروف کی تعداد میں تجرباتی اضافے کا اعلان ٹوئٹر انتظامیہ نے منگل کو کیا ہے۔

بیان کے مطابق تجربات سے یہ بات واضح ہوئی ہے کہ اگر لوگوں پر سے 140 حروف میں اپنی بات کہنے کی پابندی ہٹادی جائے تو زیادہ لوگوں کو ٹوئٹ کرنے پر راغب کیا جاسکتا ہے۔

ٹوئٹر کے مطابق 280 حروف کی یہ تجرباتی حد انگریزی کے علاوہ دیگر زبانوں میں ٹوئٹ کرنے والے صارفین کو بھی دی گئی ہے البتہ یہ سہولت فی الحال جاپانی، کورین اور چینی زبانوں میں حاصل نہیں ہوگی۔

ٹوئٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان تین زبانوں کے ایک حرف میں دیگر زبانوں کے مقابلے میں دگنا مفہوم ادا کیا جاسکتا ہے لہذا فی الحال ان زبانوں میں ٹوئٹ کی مقررہ 140 حروف کی حدبڑھانے کا تجربہ نہیں کیا جارہا۔

گیارہ سال قبل وجود میں آنے والی مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کی ابتدا سے ہی ایک ٹوئٹ کی حد 140 حروف مقرر ہے۔

کمپنی کے مطابق 140 حروف کی حد اس لیے مقرر کی گئی تھی تاکہ صارفین بآسانی اپنے موبائل فون کے میسج کے ذریعے ٹوئٹ پوسٹ کرسکیں کیوں کہ ابتداً بیشتر صارفین اسی طرح ٹوئٹر استعمال کرتے تھے۔

یاد رہے کہ موبائل فون کا ایک میسج 140 حروف پر مشتمل ہوتا ہے۔

البتہ اسمارٹ فونز کی مقبولیت اور عام ہونے کے بعد اب بیشتر صارفین ٹوئٹر کی موبائل ایپ استعمال کرتے ہیں جو حروف کی تعداد محدود رکھنے کی تیکنیکی پابندی سے آزاد ہے۔

اسمارٹ فونز کی مقبولیت کے پیشِ نظر ٹوئٹر صارفین کو زیادہ کھل کر بات کرنے کے لیے بتدریج کئی آسانیاں فراہم ہوچکی ہیں اور اب ٹوئٹر پر تصویروں، ویڈیوز، پولز اور دیگر مواد کی شیئرنگ پر 140 حروف کی حد لاگو نہیں ہوتی۔

XS
SM
MD
LG