رسائی کے لنکس

ڈربن میں شکست: 1 میچ، 2 کھلاڑی، 2 اعزاز


حسن علی اِن ایکشن (فائل فوٹو)
حسن علی اِن ایکشن (فائل فوٹو)

اگرچہ پاکستان ڈربن میں منگل کو کھیلا گیا دوسرا ون ڈے میچ جنوبی افریقہ سے ہار گیا ہے لیکن یہ میچ دو کھلاڑیوں کے لیے اعزازات کا باعث بن گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے رائٹ آرم فاسٹ بالر حسن علی نے بیٹسمین کی حیثیت سے ریکارڈ بک میں نام درج کرا لیا۔

وہ کسی بھی ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں دسویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری بڑی اننگز کھیلنے والے بیٹسمین بن گئے ہیں۔

حسن علی نے ڈربن میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں کپتان سرفراز احمد کے ساتھ نویں وکٹ کی شراکت میں 90 رنز بنائے جو نویں وکٹ پر پاکستان کرکٹ ٹیم کی ریکارڈ شراکت بھی ہے۔

اس سے قبل شعیب ملک اور محمد سمیع نے2007ء میں سینچورین کے ایک روزہ میچ میں میزبان پروٹیز کے خلاف 73 رنز بنائے تھے۔

حسن علی نے دھواں دار بیٹنگ کی اور 45 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے برق رفتار 59 رنز بنائے۔ یہ دسویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے کسی بھی کھلاڑی کا تیسرا بڑا اسکور ہے۔

انسٹھ ناٹ آؤٹ حسن علی کا ایک روزہ میچوں میں بہترین اسکور بھی ہے۔ اس سے پہلے گزشتہ سال نیلسن میں نیوزی لینڈ کے خلاف 51 رنز اُن کا بہترین اسکور تھا۔

اس سے قبل ویسٹ انڈین روی رامپال نے 2011ء میں بھارت کے خلاف دسویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابلِ شکست 86 رنز بنائے تھے جب کہ محمد عامر نے 2009ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف ابوظہبی میں 73 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی تھی۔

سرفراز احمد۔ فائل فوٹو
سرفراز احمد۔ فائل فوٹو

سرفراز احمد کے 100ون ڈے انٹرنیشنل

منگل کو ڈربن میں کھیلا گیا ایک روزہ میچ سرفراز احمد کا 100 واں ون ڈے میچ بھی تھا۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے 32 ویں کرکٹر اور چوتھے وکٹ کیپر ہیں۔

ان سے قبل قومی ٹیم کے وکٹ کیپرز معین خان نے 219، راشد لطیف نے 166 اور کامران اکمل نے 157 ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے تھے۔

سرفراز احمد نے اپنا پہلا میچ 2007ء میں جے پور میں بھارت کے خلاف کھیلا تھا جس میں اُنہیں بیٹنگ کا موقع تو نہیں ملا تھا لیکن انہوں نے وکٹ کے پیچھے سہواگ اور یووراج کے کیچز ضرور پکڑے تھے۔

اس میچ میں پاکستان نے مقررہ 50 اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 306 رنز بنائے تھے۔ جواب میں بھارتی ٹیم 275 پر آؤٹ ہوگئی تھی اور پاکستان نے یہ میچ 31 رنز سے اپنے نام کرلیا تھا۔

سرفراز احمد 100 ایک روزہ میچوں کی 75 اننگز میں مجموعی طور پر ایک ہزار 936 رنز بنا چکے ہیں جس میں دو سینچریاں اورنو نصف سینچریاں شامل ہیں۔ اُن کا زیادہ سے زیادہ اسکور 105 رنز ہے۔

اس کے علاوہ سرفراز احمد بحیثیت وکٹ کیپر 121 بیٹسمینوں کا شکار بھی کرچکے ہیں جس میں 98 کیچ اور 23 اسٹمپ شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG