رسائی کے لنکس

برطانوی وزیرِ خارجہ کا مستعفی ہونے کا اعلان


فائل
فائل

برطانوی وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ وہ مستعفی ہونے کے بعد برطانوی پارلیمان کے ایوانِ زیریں 'دارالعوام' میں قائدِ ایوان کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

برطانیہ کے وزیرِ خارجہ ولیم ہیگ نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔

پیر کو 'ٹوئٹر' پر اپنے ایک پیغام میں ولیم ہیگ نے کہا کہ وہ چار سال تک وزیرِ خارجہ کی ذمہ داریاں نبھانے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔

برطانوی وزیرِ خارجہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ مستعفی ہونے کے بعد برطانوی پارلیمان کے ایوانِ زیریں 'دارالعوام' میں قائدِ ایوان کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

قائدِ ایوان کی حیثیت سے جناب ہیگ 'دارالعوام' میں سرکاری امور کی نگرانی اور حکومتی ارکان کی قیادت کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

ولیم ہیگ کے استعفے کو برطانوی وزیرِاعظم ڈیوڈ کیمرون کی جانب سے اپنی کابینہ میں تبدیلیوں کا آغاز قرار دیا جارہا ہے۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم کیمرون منگل کو اپنی کابینہ میں رد و بدل کا اعلان کریں گے۔ کابینہ میں ان تبدیلیوں کا مقصد آئندہ برس مئی میں ہونے والے عام انتخابات سے قبل حکمران جماعت 'کنزرویٹو' کی کارکردگی اور عوام میں اس کے تاثر کو بہتر بنانا ہے۔

ڈیوڈ کیمرون کے دفتر کے مطابق وزیرِاعظم کی کابینہ کے سات وزرا اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے ہیں اور ان کے استعفے منظور کرلیے گئے ہیں۔

برطانیہ میں رائے عامہ کے حالیہ جائزوں کے مطابق حکمران جماعت کو اپنی حریف 'لبرل' پارٹی سے سخت مسابقت کا سامنا ہے اور کنزرویٹوز کے مقابلے میں لبرلز کو تین سے سات فی صد پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔

امکان ہے کہ برطانوی وزیرِاعظم کابینہ کی کئی اہم وزارتیں خواتین رہنماؤں کو سونپنے کا اعلان کریں گے تاکہ کابینہ کے "صنفی عدم توازن" کا شکار ہونے کا عام تاثر دور کیا جاسکے۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ کابینہ کے کئی بزرگ وزرا کی رخصتی بھی متوقع ہے جن کی جگہ نئے اور نوجوان وزیر سنبھالیں گے۔

ولیم ہیگ کے بارے میں قیاس کیا جاتا رہا ہے کہ وہ برطانوی پارلیمان کا آئندہ انتخاب لڑنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ پیر کو اپنے استعفے کا اعلان کرتے ہوئے بھی انہوں نے واضح کیا کہ وہ آئندہ انتخاب نہ لڑنے کے اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔

لیکن جناب ہیگ کا استعفی برطانیہ کے سیاسی حلقوں کے لیے حیرت کا باعث بنا ہے کیوں کہ بطور وزیرِ خارجہ ان کی بہتر کارکردگی کے سبب عام تاثر یہ تھا کہ وہ آئندہ انتخاب تک موجودہ حکومت میں وزیرِ خارجہ کی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔

برطانیہ کے بعض اخبارات نے خبر دی ہے کہ وزیرِ دفاع فلپ ہیمنڈ ولیم ہیگ کی جگہ ملک کے نئے وزیرِ خارجہ بن سکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG