رسائی کے لنکس

برطانوی وزیراعظم کا عیدالاضحی پر مبارکباد کا پیغام


ڈیوڈ کیمرون نے خاص طور پر شامی اور عراقی مہاجرین کےمصائب اور تکالیف کا ذکر کیا اور ان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا،جو عید الاضحی کی خوشیاں منانے سے محروم ہیں ۔

برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے برطانیہ اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الاضحی کے موقع پر پر مسرت اور پرامن عید الاضحی کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھیجا ہے۔

وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کی طرف سے عیدالاضحی کے موقع پر جاری ہونے والے عید کےخصوصی پیغام میں انھوں نےخاص طور پر شامی اور عراقی مہاجرین کےمصائب اور تکالیف کا ذکر کیا اور ان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا، جو عید الاضحی کی خوشیاں منانے سے محروم ہیں۔

انھوں نے کہا کہ میں نے اس ماہ کے اوائل میں لبنان اور اردن کا دورہ کیا تھا اور ان لوگوں سے ملاقاتیں کیں، جو شام اور عراق کے جنگ ذدہ علاقوں سے نکل کر وہاں پناہ کے لیے آئے تھے۔

ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ اُن کی وہاں میں ایک 15 سالہ لڑکے مالک سے بھی ملاقات ہوئی، جس کی ایک ٹانگ بیرل بم کے دھماکے میں ضائع ہو چکی تھی، وہ ان لاکھوں متاثرین میں سے ایک ہے جو یا تو معذور ہو چکے ہیں یا پھر ہلاک اور بے گھر ہو گئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ برطانوی مسلمان جب عید کے موقع پر اپنے پیاروں کے ساتھ مل جل کر نماز پڑھیں گے، اور عید منائیں گے تو وہ مالک جیسے لوگوں کے بارے میں ضرور سوچیں ۔

ڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا کہ آپ کو یہ جان کر فخر ہو گا کہ برطانیہ شامی مہاجرین کے بحران میں امداد دینے والا دوسرا بڑا ملک ہے ۔

انھوں نے بتایا کہ برطانیہ ایک ارب پاونڈ سے زیادہ امداد پناہ گزینوں کےحوالے سے عطیہ کر چکا ہے جو تاریخ میں انسانی بحران میں ہمارا سب سے بڑا عطیہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ برطانوی مسلمان اپنی سخاوت کے علاوہ بھی دوسری خصوصیات میں ممتاز ہیں ،وہ اپنے شعبوں میں جو کاروبار سے لے کر طب ،کھیلوں اورسیاست تک میں بلند ترین سطح تک پہنچ رہے ہیں ،جس پر مجھے فخر ہے ۔

اور یہ ہی عظیم برطانیہ کی کہانی ہے،جہاں ایک کثیر النسلی،کثیر العقائد جمہوری معاشرے کی کئی نسلوں میں تعمیر ہوئی ہے ،یہاں لوگ خالی ہاتھ آتے ہیں اور جہاں تک ان کی صلاحیتیں انھیں لے کر جاتی ہیں وہ آگے بڑھتے ہیں ۔

لہذا جب اس عید پر خاندان اور دوست اکھٹے ہو رہے ہیں تو انھیں اپنی کامیابیوں کی خوشی بھی منانی چاہیئے، اور ان کے بارے میں بھی سوچنا چاہیئے جو اس عید کے پرمسرت موقع پر رنج اور مصائب کا شکار ہیں۔

انھوں نے اپنے پیغام کے اختتام میں ایک بار پھر سے مسلم کمیونٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں عید الاضحی کے مقدس موقع پر آپ کو دلی عید کی مبارکباد پیش کرتا ہوں اورآپ کے لیے ایک پرامن عید کا خواہاں ہوں۔

XS
SM
MD
LG