رسائی کے لنکس

برطانیہ: مال بردار کنٹینر سے 35 افراد بازیاب


پولیس کے ایک عہدیدار ٹریوور روئی نے صحافیوں کو بتایا کہ بندرگاہ پر کام کرنے والے مزدوروں نے ایک کنٹینر سے چیخوں کی آوازیں سنیں اور حکام کو مطلع کیا۔

برطانیہ میں پولیس نے ایک مال بردار کنٹینر سے 35 لوگوں کو بازیاب کروایا ہے۔

حکام کے مطابق ان لوگوں میں سے ایک کی کنٹینر میں ہی موت واقع ہو گئی تھی جب کہ 19 کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ہفتہ کو حکام کے بقول کنٹینر ایسکس کی بندرگارہ ٹلبرے پر موجود تھا اور اس میں پھنسے لوگوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

پولیس کے ایک عہدیدار ٹریوور روئی نے صحافیوں کو بتایا کہ بندرگاہ پر کام کرنے والے مزدوروں نے ایک کنٹینر سے چیخوں کی آوازیں سنیں اور حکام کو مطلع کیا۔

یہ کنٹینر بلجیئم کی بندرگاہ سے یہاں پہنچا تھا۔

ان کے بقول حکام اس بحری جہاز کے دیگر کنٹینرز کی بھی تلاشی لے رہے ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ ان میں تو لوگ موجود نہیں۔

پولیس نے ہلاک ہونے والے شخص کی موت کو قتل قرار دیا ہے۔ تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ اس کنٹینر میں موجود بعض افراد پانی اور آکسیجن کی کمی کی وجہ سے بے حال ہو چکے ہیں۔

تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس کنٹینر کا اصل سفر کہاں سے شروع ہوا۔ لیکن زندہ بچ جانے والوں کے بارے میں باور کیا جاتا ہے کہ ان کا تعلق "برصغیر" سے ہے۔

XS
SM
MD
LG