رسائی کے لنکس

برطانوی انتخابات: عجیب وغریب اور غیر معمولی پولنگ اسٹیشن


برطانیہ میں ماضی میں ایسے پولنگ اسٹیشنوں کا استعمال کیا گیا جو عارضی خیموں، کنٹینروں، گاڑیوں، کیفے اور باکسنگ کلب جیسی غیر معمولی جگہوں پر قائم کیے گئے تھے۔

عام طور پر پولنگ اسٹیشن علاقے کے مقامی اسکولوں، کمیونٹی سینٹروں یا مذہبی عمارتوں میں قائم کیے جاتے ہیں۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ برطانیہ میں کچھ مختلف قسم کی جگہوں کو بھی پولنگ اسٹیشن کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

برطانیہ میں ماضی میں ایسے پولنگ اسٹیشنوں کا استعمال کیا گیا جو عارضی خیموں، کنٹینروں، گاڑیوں، کیفے اور باکسنگ کلب جیسی غیر معمولی جگہوں پر قائم کیے گئے تھے۔

برطانوی روزنامے 'گارڈین' نے اپنی ایک رپورٹ میں برطانیہ کے حالیہ انتخابات اور ماضی کے انتخابات میں پولنگ اسٹیشن کے طور پر استعمال ہونے والی ایسی ہی کچھ عجیب وغریب اور غیر معمولی جگہوں کا تذکرہ کیا ہے۔

پن چکی گھر: برطانیہ کے ساحلی شہر برائٹن سے قریب 'بلیچنگٹن پن چکی گھر' کو حالیہ انتخابات میں پولنگ اسٹیشن کے طور پر استعمال کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

حجام کی دوکان: مشرقی یورک شائر میں ہل شہر کی ایک حجام کی دوکان کو عام انتخابات میں پولنگ اسٹیشن کےطور پر استعمال کیا گیا ہے۔ لیبر پارٹی کے سابق شیڈو چانسلر ایلن جانسن تصویر میں حجام کی دوکان سے ووٹ ڈال کر نکلتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

فٹ بال کا میدان: برمنگھم میل کے مطابق شیفلڈ ہالم کے ووٹرز آج فٹ بال کے قدیم ترین میدان میں جاکر لبرل ڈیمو کریٹ کے رہنما کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ عام انتخابات کے لیے سینڈی گیٹ پر واقع 'ہالم ایف سی گراؤنڈ' کو پولنگ اسٹیشن میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

گھر کا ڈرائنگ روم: ایسٹ یورک شائر میں 'بیس وک ویلج' میں ایک پولنگ اسٹیشن ایک گھر کے ڈرائنگ روم میں قائم کیا گیا ہے۔ سمانتھا اور کرس نے مقامی کونسل کی مدد کرنے کی غرض سے رضا کارانہ طور پر اپنے گھر کا ڈرائنگ روم پولنگ اسٹیشن میں تبدیل کر دیا ہے۔

وین نما بس: چونکہ ایسا کوئی قانون نہیں ہے کہ پولنگ اسٹیشن عمارت میں قائم کیا جائے اسی لیے برطانوی انتخابات کی تاریخ میں پولنگ اسٹیشن چار پہیوں والی گاڑیوں میں بھی بنائے جاتے رہے ہیں۔ لہذا یورک شائر میں شیفلڈ کے ایک کیفے کی پارکنگ میں وین نما چھوٹی بس کو بطور پولنگ اسٹیشن استعمال کیا جارہا ہے۔

لائف بوٹ اسٹیشن: جمعرات کو لائف بوٹ اسٹیشن جانے والوں کا مقصد کشتی کرائے پر حاصل کرنا نہیں تھا بلکہ وہ یہاں اپنا ووٹ ڈالنے آئے تھے۔ کینٹ کے شہر 'ڈینجینیس لائف بوٹ اسٹیشن' کو پولنگ اسٹیشن کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔

آرٹ میوزیم: برائٹن میں رہنے والے لوگوں نے ووٹ ڈالنے کے لیے آرٹ گیلری کا رخ کیا۔ جی ہاں آپ نے ٹھیک سنا، کیونکہ آج ہونے والے انتخابات میں 'ھوو آرٹ گیلری' میں پولنگ اسٹیشن قائم کیا گیا ہے۔

لانڈری کی دوکان: آکسفورڈ شائر میں ہیڈنگٹن شہر کی ایک لانڈری کی دوکان انتخابات کے لیے پولنگ اسٹیشن کی خدمات انجام دے رہی ہے جہاں پریزائیڈنگ افسر ووٹرز لسٹ اور ضروری کاغذات کو ترتیب دے رہا ہے۔

گھر کا گیراج: شمالی لندن میں 22 مئی 2014 کے بلدیاتی اور یورپی پارلیمنٹ کے انتخابات میں ایک رہائشی مکان کے کار گیراج کو پولنگ اسٹیشن کے طور پر استعمال کیا گیا تھا۔

کاروان: پچھلے سال کے بلدیاتی انتخابات میں وسطی لندن میں گارتھراپ کے علاقے میں ایک آرام دہ کاروان کو بطور پولنگ اسٹیشن استعمال کیا گیا۔

رہائشی مکان: ریڈنگ سے نزدیک برمس ہل کے علاقے میں واقع ڈیبئی کارپینٹر کا تین منزلہ لکڑی کا گھر فی الحال پولنگ اسٹیشن کی خدمات انجام دے رہاہے۔

گرجا گھر: اس انتخابات میں بھی زیادہ تر پولنگ اسٹیشن گرجا گھروں میں قائم کئے گئے ہیں. بالخصوص دارالحکومت لندن میں زیادہ تر حلقوں میں مذہبی عمارتوں اور کمیونٹی سینٹروں میں پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG