رسائی کے لنکس

بٹکوائین کا ایک مغوی ماہر دس لاکھ ڈالر تاوان کے بعد رہا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

یوکرین میں اغوا کاروں نے برقی کرنسی بٹکوائین کی خریدوفروخت سے وابستہ ادارے کے مغوی کارکن کو دس لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کے بٹکوائین تاوان لے کر رہا کر دیا ہے۔

ای ایکس ایم او فنانس نامی کمپنی نے بتایا کہ ان کے ایک سینیئر ماہر پاویل لرنر کو 26 دسمبر کو نامعلوم نقاب پوشوں نے اغوا کیا تھا۔

کیف میں وزارت داخلہ کے ایک مشیر انٹون گراشچنکو کے مطابق بٹکوائین سے متعلق یوکرین میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا معاملہ تھا۔

تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ یہ تاوان کس نے ادا کیا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ لرنر کو ان کے صارفین کے مالی اثاثوں تک رسائی نہیں تھی۔

کمپنی کے ایک بیان میں بتایا کہ "فی الوقت پاویل محفوظ ہیں لیکن وہ شدید دباو میں ہیں لہذا وہ آئندہ چند دنوں تک باضابطہ طور پر کوئی بیان نہیں دیں گے۔"

لرنر کی رہائی کی خبر ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب بٹکوائین اور دیگر برقی کرنسیز دو روز تک معمولی گراوٹ کے بعد دوبارہ سے مستحکم ہونا شروع ہوئیں۔

قبل ازیں ایک مقامی خبر رساں ویب سائٹ نے بتایا تھا کہ چھ مسلح نقاب پوشوں نے لرنر کو زبردستی ایک گاڑی میں سوار کیا۔ گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی۔

پولیس نے کیف کے علاقے اوبولون میں اغوا کے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی تھیں۔

ای ایکس ایم او کمپنی کے صارفین کی تعداد نو لاکھ بتائی جاتی ہے۔

XS
SM
MD
LG