رسائی کے لنکس

یوکرین: دونیسک میں جھڑپیں، 12 علیحدگی پسند ہلاک


دونیسک ایئر پورٹ کا ایک منظر
دونیسک ایئر پورٹ کا ایک منظر

دونیسک کا ہوائی اڈہ سرکاری فوج کی تحویل میں ہے جس پر قبضے کے لیے علیحدگی پسندمسلسل حملے کر رہے ہیں۔

یوکرین کی فوج نے علیحدگی پسندوں کے زیرِ قبضہ علاقہ دونیسک کےایئرپورٹ پر حملہ کرنے والے 12 باغیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

خیال رہے کہ دونیسک کا ہوائی اڈہ سرکاری فوج کی تحویل میں ہے جس پر قبضے کے لیے علیحدگی پسندمسلسل حملے کر رہے ہیں۔

یوکرینی فوج کے ترجمان نے ہفتے کو دارالحکومت کِیو میں صحافیوں کو بتایا کہ علیحدگی پسندوں نے جمعے کو بھی ہوائی اڈے پر کئی حملے کیے جنہیں ناکام بنادیا گیا۔

ترجمان کے مطابق فوج کی جوابی کارروائی میں 12 جنگجو ہلاک ہوئے ہیں جو پانچ ستمبر کے بعد سے علیحدگی پسندوں کا سب سے زیادہ جانی نقصان ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران علیحدگی پسندوں کے ساتھ لڑائی میں یوکرین کے دو فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ روس نواز علیحدگی پسندوں اور یوکرین کے درمیان پانچ ستمبر سے جنگ بندی کا معاہدہ موثر ہے لیکن اس کے باوجود دونیسک کے ہوائی اڈے پر قبضے کے لیے دونوں فریقوں میں جھڑپیں ہوتی رہی ہیں۔

گزشتہ روز یوکرین حکومت کے بعض عہدیداران نے الزام عائد کیا تھا کہ روس علیحدگی پسندوں کو دونسیک کے ہوائی اڈے پر حملوں کی شہہ دے رہا ہے تاکہ یوکرین کی فوج پر دباؤ بڑھایا جاسکے۔

یوکرین کے مشرقی علاقے دونیسک کا بیشتر علاقہ روس نواز علیحدگی پسندوں کے قبضے میں ہے جسے انہوں نے 'عوامی جمہوریہ دونیسک' قرار دیتے ہوئے اپنی متوازی حکومت قائم کر رکھی ہے۔

تاہم علاقے کا ہوائی اڈے بدستور یوکرین کی فوج کے پاس ہے جو جنگ بندی کے باوجود فریقین کے درمیان وجۂ نزاع بنا ہوا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق یوکرین کا حالیہ بحران 3500 سے زائد لوگوں کی جان لے چکا ہے جب کہ اس نے یوکرین کی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچایا ہے۔

XS
SM
MD
LG