رسائی کے لنکس

نریندر مودی کے لیے اقوام متحدہ کا اعلیٰ ترین ماحولیاتی ایوارڈ


فائل

وزیر اعظم نریندر مودی کو نئی دہلی میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں ماحولیات کے تحفظ کے لیے اقوام متحدہ کا اعلیٰ ترین اعزاز ’چمپئنس آف دی ارتھ‘ یعنی کرہٴ ارض کے چمپئین کا ایوارڈ دیا گیا۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اینتونیو گوتریز نے یہ ایوارڈ تفویض کیا۔

وزیر اعظم مودی کو بین الاقوامی سولر اتحاد میں اہم کردار ادا کرنے اور 2022 تک بھارت میں پلاسٹک کا استعمال ختم کرنے کے عہد کے لیے اس ایوارڈ کا مستحق قرار دیا گیا۔

اس کا اعلان 26 ستمبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران کیا گیا تھا۔

یہ سالانہ ایوارڈ ماحولیات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرنے کے اعتراف میں حکومت، سول سوسائٹی اور نجی زمرے میں اہم شخصیات کو دیا جاتا ہے۔

وزیر اعظم مودی نے ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد کہا کہ یہ سوا سو کروڑ ہندوستانیوں، قبائلیوں، ماہی گیروں اور کسانوں کا اعزاز ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ماحولیاتی تباہی کا کلچر سے براہ راست رشتہ ہے۔ جب تک ماحولیات کے تحفظ کا تصور ثقافت کا حصہ نہیں ہوگا، ماحولیات کا تحفظ نہیں ہو سکتا۔

اینتونیو گوتریز نے کہا کہ ’’وزیر اعظم مودی ایسے رہنما ہیں جو ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج کو سمجھتے اور ماحولیاتی فائدے کو جانتے ہیں۔ وہ جاتنے ہیں ماحولیاتی تبدیلی سے ہونے والی تباہی سے بچنے کے لیے کیا کیا جانا چاہیے‘‘۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’’دنیا کے دیگر رہنما بھی اس مسئلے کو سمجھتے اور پہچانتے ہیں۔ لیکن، مودی اس مسئلے کے حل کی سمت میں پوری توانائی کے ساتھ کوشش کر رہے ہیں‘‘۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG