رسائی کے لنکس

بان کی مون شمالی کوریا کا دورہ کریں گے


فائل
فائل

بان کی مون نے کہا کہ وہ اپنے دورے کے دوران شمالی و جنوبی کوریا کے درمیان تعلقات اور مفاہمت میں اضافے کی کوشش کریں گے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون رواں ہفتے شمالی کوریا کا دورہ کریں گے۔

عالمی ادارے کے مطابق سیکریٹری جنرل جمعرات کو شمالی و جنوبی کوریا کی سرحد پر قائم صنعتی مرکز جائیں گے جہاں قائم 120 جنوبی کوریائی فیکٹریوں میں شمالی کوریا کے لگ بھگ 53 ہزار محنت کش ملازمت کرتے ہیں۔

جنوبی کوریا سے متصل شمالی کوریا کے غیر فوجی علاقے میں قائم اس صنعتی مرکز کو دونوں ممالک کی حکومتیں مشترکہ طور پر چلاتی ہیں۔

گزشتہ دو دہائیوں میں اقوامِ متحدہ کے کسی سربراہ کا شمالی کوریا کا یہ پہلا دورہ ہوگا جسے دنیا کا سب سے زیادہ الگ تھلگ اور لاتعلق ملک سمجھا جاتا ہے۔

منگل کو اپنے دورۂ شمالی کوریا کا اعلان کرتے ہوئے بان کی مون نے مذکورہ صنعتی مرکز کو دونوں ملکوں کے لیے ایک کامیاب مثال قرار دیا۔

جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنے دورے کے دوران شمالی و جنوبی کوریا کے درمیان تعلقات اور مفاہمت میں اضافے کی کوشش کریں گے۔

اقوامِ متحدہ کے سربراہ پیر کو سیول پہنچے تھے جہاں انہوں نے مقامی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔

عالمی ادارے کے حکام کا کہناہے کہ شمالی کوریا کی سرحد پر واقع صنعتی مرکز کےد ورے کے دوران بان کی مون وہاں کام کرنے والے مزدوروں اور ان کے جنوبی کوریائی آجروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

مذکورہ صنعتی مرکز 2004ء میں قائم کیا گیا تھا اور یہ ان چند شعبوں میں سے ہے جن میں 1950ء کی دہائی سے حالتِ جنگ میں موجود شمالی و جنوبی کوریا ایک دوسرے سے تعاون کرتے ہیں۔

اب تک اقوامِ متحدہ کے کسی سربراہ نے اس صنعتی علاقے کا دورہ نہیں کیا ہے جب کہ بطروس غالی شمالی کوریا کا دورہ کرنے والے اقوامِ متحدہ کے آخری سیکریٹری جنرل تھے جو 1993ء میں پیانگ یانگ گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG