رسائی کے لنکس

بان کی مون شمالی کوریا نہیں جارہے، اقوامِ متحدہ


فائل
فائل

ترجمان کے مطابق عالمی ادارے کے سربراہ مالٹا سے پیرس جائیں گے جہاں وہ ماحولیاتی تبدیلی کے موضوع پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں شریک ہوں گے۔

اقوامِ متحدہ نے اپنے سیکریٹری جنرل بان کی مون کے دورۂ شمالی کوریا کی اطلاعات کی تردیدکی ہے۔

عالمی ادارے کے ایک ترجمان نے بدھ کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ بان کی مون آئندہ ہفتے کا بیشتر وقت نیویارک میں گزاریں گے جس کے بعد وہ ہفتے کے اختتام پر دولتِ مشترکہ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے مالٹا جائیں گے۔

ترجمان کے مطابق عالمی ادارے کے سربراہ مالٹا سے پیرس جائیں گے جہاں وہ ماحولیاتی تبدیلی کے موضوع پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں شریک ہوں گے۔

اقوامِ متحدہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گو کہ بان کی مون آئندہ ہفتے شمالی کوریا نہیں جارہے لیکن وہ ماضی میں بارہا جزیرہ نما کوریا میں امن، استحکام اور رابطے بڑھانے کے لیے کردار ادا کرنے کےخواہش ظاہر کرچکے ہیں۔

چین اور جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسیوں نے پیر کو اقوامِ متحدہ کے ذرائع کےحوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ بان کی مون آئندہ ہفتے شمالی کوریا کا دورہ کریں گے جس میں ان کی پیانگ یانگ کی کمیونسٹ حکومت کے سربراہ کم جونگ ان سے ملاقات متوقع ہے۔

اگر بان کی مون شمالی کوریا جاتے تو یہ گزشتہ 22 برسوں میں عالمی ادارے کے کسی سربراہ کا شمالی کوریا کا پہلا دورہ ہوتا۔ بطرس غالی شمالی کوریا کا دورہ کرنے والے اقوامِ متحدہ کے آخری سیکریٹری جنرل تھے جو 1993ء میں پیانگ یانگ گئے تھے۔

سنہ 2011 میں اپنے والد کی جگہ شمالی کوریا کا اقتدار سنبھالنے والے کم جونگ ان کے چار سالہ دورِ حکومت میں اب تک کسی غیر ملکی سربراہِ مملکت نے شمالی کوریا کا دورہ نہیں کیا ہے اور نہ ہی کم جونگ خود بیرونِ ملک گئے ہیں۔

شمالی کوریا کو دنیا کی سب سے الگ تھلگ اور کٹی ہوئی ریاست سمجھا جاتا ہے جس پر 2006ء، 2009ء اور 2013ء میں کیے جانے والے جوہری تجربات کی پاداش میں اقوامِ متحدہ کی کڑی پابندیاں عائد ہیں۔

XS
SM
MD
LG