رسائی کے لنکس

مالی: اقوام متحدہ کی امن فوج پر حملے میں پانچ اہلکار ہلاک


یہ حملہ مالی کے وسطی علاقے میں اس وقت ہوا جب اقوام متحدہ کے امن مشن میں شامل اہلکار ایک قافلے کی صورت میں سفر کر رہے تھے۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ مالی میں تعینات اس کے امن دستے کے پانچ ارکان اتوار کو ہوئے ایک حملے میں ہلاک ہو گئے۔

یہ حملہ مالی کے وسطی علاقے میں اس وقت ہوا جب مالی میں اقوام متحدہ کے کثیر الجہتی امن مشن میں شامل ٹوگو کے فوجی سیویر شہر سے 30 کلومیٹر مغرب میں ایک قافلے کی صورت میں سفر کر رہے تھے۔

ابھی تک اس حملے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبو ل نہیں کی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے اپنے ترجمان کے ذریعے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کو ملک کی اندرونی اور بیرونی سالمیت کے لیے شدید خطرہ ہے۔

اقوام متحدہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ "سیکرٹری جنرل ان پانچ امن فوجیوں کے خاندانوں، ٹوگو کی عوام اور حکومت کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں جنہوں نے امن کے لیے اپنی جان دی"۔

جمعہ کو اسی طرح گھات لگا کر کیے جانے والے ایک حملے میں مالی کے پانچ فوجی ہلاک ہوئے اور چار اس وقت زخمی ہو گئے جب ان کی گاڑی ملک کے شمالی علاقے میں ایک بارودی سرنگ سے ٹکرائی جس کے بعد انہیں نامعلوم حملہ آوروں نے گولیوں سے نشانہ بنایا۔

اتوار کے حملے کے بعد مالی میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی تعداد کم ازکم 64 تک پہنچ گئی ہے اور اسے دنیا میں اقوام متحدہ کے امن دستوں کی سب سے خطرناک تعیناتی قرار دیا جا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG