رسائی کے لنکس

'آئی پی ایل میچز کے دوران شائقین گراؤنڈ میں آ سکیں گے'


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

متحدہ عرب امارات کے کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ اگلے ماہ شروع ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میچز کے دوران اسٹیڈیمز میں محدود تعداد میں شائقین کو آنے کی اجازت ہو گی۔

اماراتی بورڈ کے سیکریٹری مبشر عثمانی نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ وہ چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ مقامی شائقین اس بڑے ایونٹ سے لطف اندوز ہو سکیں۔ اُن کے بقول اسٹیڈیم میں مناسب فاصلے کے ساتھ شائقین کو بیٹھنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

البتہ مبشر عثمانی کا کہنا تھا کہ وہ پراُمید ہیں کہ حکومت سے اس کی اجازت مل جائے گی۔

خیال رہے کہ کرونا وبا کے باعث دُنیا بھر میں کھیلوں کے مقابلوں کے دوران اسٹیڈیمز میں شائقین کو آنے کی اجازت نہیں ہے۔

دنیائے کرکٹ میں لیگز کا سب سے بڑا ایونٹ سمجھے جانے والا آئی پی ایل 19 ستمبر سے 10 نومبر تک متحدہ عرب امارات کے مختلف مقامات پر منعقد ہو گا۔

مبشر عثمانی کے بقول متحدہ عرب امارات میں وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 6200 ہے اور اُمید ہے کہ آئی پی ایل کے آغاز سے قبل کیسز مزید کم ہو جائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کے بہترین اقدامات کی وجہ سے ہم قواعد و ضوابط پر عمل کرتے ہوئے ایک طرح سے معمول کی زندگی گزار رہے ہیں۔ لہذٰا جب تک آئی پی ایل میچز شروع ہوں گے، اس وقت تک صورتِ حال مزید بہتر ہو چکی ہو گی۔

مجموعی طور پر یہ ایونٹ 51 دنوں تک جاری رہے گا۔ اس دوران کل 60 میچز کھیلے جائیں گے۔

یہ آئی پی ایل کا 13 واں سیزن ہے جو رواں سال مارچ میں منعقد ہونا تھا لیکن وبائی مرض کی وجہ سے اسے بار بار ملتوی کیا گیا تھا۔

آئی پی ایل، بھارتی کرکٹ بورڈ کے لیے کمائی کا سب سے بڑا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ اگر رواں سال یہ ایونٹ منسوخ ہوجاتا تو بورڈ کو 500 ملین ڈالر سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑتا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام کے مطابق دبئی، ابو ظہبی اور شارجہ میں میچز کا انعقاد کیا جائے گا جس کے لیے ٹیمیں 20 اگست تک متحدہ عرب امارات پہنچ جائیں گی۔

XS
SM
MD
LG