رسائی کے لنکس

بالی وڈ کی کون سی فلمیں سنیما گھروں میں دھوم مچانے کے لیے تیار ہیں؟


بالی وڈ اداکار عامر خان، رنویر سنگھ اور شاہد کپور نے حال ہی میں اپنی فلموں کی ریلیز کی تاریخوں کا اعلان کیا ہے۔
بالی وڈ اداکار عامر خان، رنویر سنگھ اور شاہد کپور نے حال ہی میں اپنی فلموں کی ریلیز کی تاریخوں کا اعلان کیا ہے۔

دنیا بھر میں کرونا وبا کی وجہ سے سنیما گھروں کی زینت بننے والی کئی فلمیں ناکام رہیں، کچھ فلمیں تاخیر کا شکار ہوئیں تو کچھ کو فلم سازوں نے آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر ریلیز کیا۔ لیکن اب عالمی سطح پر کرونا پابندیوں میں نرمی کے بعد سنیما انڈسٹری بھی معمول پر آ رہی ہے۔

بالی وڈ اداکار عامر خان، رنویر سنگھ اور شاہد کپور نے حال ہی میں اپنی فلموں کی ریلیز کی تاریخوں کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے 'اے این آئی' کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ ادے ٹھاکرے نے 25 ستمبر کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے 22 اکتوبر سے سنیما گھر اور تھیٹرز دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

اس اعلان کے بعد ہی بالی وڈ کی متعدد فلموں کی ریلیز کی تاریخ آنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

بالی وڈ اداکار شاہد کپور نے 26 ستمبر کو ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اعلان کیا کہ ان کی آنے والی فلم 'جرسی' 31 دسمبر 2021 کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

شاہد کپور نے کہا کہ ان کے لیے یہ فلم اب تک کی سب سے خاص فلم ہے اور وہ اسے سب کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے منتظر ہیں۔

آئی این ڈی بی (انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس) کے مطابق ڈرامہ اور اسپورٹس پر مبنی فلم 'جرسی' کی کہانی ایک ایسے کرکٹر کے گرد گھومتی ہے جو کرکٹ کی دنیا کو خیرباد کہہ دیتا ہے اور پھر وہ اپنے بیٹے کے خواب اور اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کے لیے 36 برس کی عمر میں دوبارہ اپنے کریئر کو بحال کرنے کا فیصلہ کرتا ہے۔

واضح رہے کہ آئی این ڈی بی (انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس) ایک ایسی سائٹ ہے جو فلم، ٹیلی ویژن پروگرام، گیمز، آن لائن اسٹریمنگ مواد اور شخصیات کی ریٹنگز کرتی ہے۔

فلم میں شاہد کپور کے مدِ مقابل اداکارہ مرونال ٹھاکر اداکاری کے جوہر دکھائیں گی جب کہ فلم کی دیگر کاسٹ میں پنکج کپور، پلک سنگھ، کرن مشرا اور دیگر اداکاری کریں گے۔

'جرسی' کی ہدایت کاری گوتم تنانوری نے دی ہے اور اس کی کہانی سدھارتھ سنگھ، گریما وہال اور گوتم تنانوری نے لکھی ہے۔

شاہد کپور کی فلم کے بعد بات کرتے ہیں اداکار رنویر سنگھ کی اُس فلم کی جس کا انتظار مداح کافی عرصے سے کر رہے تھے۔

رنویر سنگھ نے 26 ستمبر کو اپنی فلم '83' کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کیا جس کی ریلیز گزشتہ برس کرونا کی وجہ سے کئی بار تاخیر کا شکار ہوئی تھی۔

رنویر سنگھ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فلم '83' کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی فلم رواں برس کرسمس کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

اداکار نے بتایا کہ ان کی فلم ہندی، تامل، تیلگو، ملیام اور کیناڈا زبان میں ریلیز کی جائے گی۔

'آئی این ڈی بی' کے مطابق کبیر خان کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کی کہانی سن 1983 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت کی فتح کی کہانی پر مبنی ہے۔

فلم '83' میں اداکار رنویر سنگھ کھلاڑی کپل دیو کا کردار ادا کریں اور ان کے ساتھ ان کی بیوی اداکارہ دپیکا پڈوکون، پنکج ترپاٹھی، طاہر راج بھسین، بومن ایرانی اور دیگر اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

سنیما گھر دوبارہ کھلنے کے اعلان کے بعد بالی وڈ سپر اسٹار عامر خان نے بھی اپنی فلم 'لال سنگھ چڈھا' کی ریلیز کا اعلان کر کے اپنے چاہنے والوں کو خوش کر دیا ہے۔

عامر خان کے پروڈکشن ہاؤس 'عامر خان پروڈکشنز' نے 26 ستمبر کو انسٹاگرام پر جاری بیان میں کہا کہ فلم 'لال سنگھ چڈھا' کرونا کہ وجہ سے متعدد بار تاخیر کا شکار ہونے کے بعد رواں برس کرسمس کے موقع پر ریلیز نہیں کی جاسکے گی۔

عامر خان پروڈکشنز نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کی فلم 'ویلنٹائز' ڈے پر یعنی 14 فروری 2022 کو ریلیز کی جائے گی۔

آئی این ڈی بی کے مطابق فلم 'لال سنگھ چڈھا' دراصل 1994 میں بننے والی امریکی فلم 'فوریسٹ گمپ' کا آفیشل ری میک ہے۔

ادویت چندن کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں عامر خان کے مدِ مقابل اداکارہ کرینہ کپور ادکاری کرتے دکھائی دیں گی۔

XS
SM
MD
LG