رسائی کے لنکس

ایتھوپیا، کینیا کے لیے 169 ملین ڈالر کی امریکی امداد


ایتھوپیا کے صحرائی علاقے میں لوگ پانی اور خوراک کا انتظار کر رہے ہیں۔
ایتھوپیا کے صحرائی علاقے میں لوگ پانی اور خوراک کا انتظار کر رہے ہیں۔

پچھلے مہینے امریکہ نے نائیجیریا، صومالیہ، جنوبی سوڈان اور یمن کے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے تقریباً 640 ملین ڈالر امداد کے وعدے کیے تھے۔

صدر ٹرمپ کی انتظامیہ نے جمعرات کو کہا ہے کہ وہ قحط اور خشک سالی میں گھرے دو افریقی ملکوں ایتھوپیا اور کینیا کو 169 ملین ڈالر کی انسانی ہمدردی کی امداد دے گی۔

بین الاقوامی ترقیات سے متعلق امریکی ادارے یو ایس ایڈ نے کہا ہے کہ ان میں سے 136 ملین ڈالر ایتھوپیا اور 33 ملین ڈالر کینیا میں متاثرہ لوگوں کی امداد پر صرف کیے جائیں گے۔

یو ایس ایڈ نے بتایا کہ ایتھوپیا کے تقریباً 80 لاکھ باشندوں کو انسانی ہمدردی کی امداد کی فوری ضرورت ہے۔ امداد نہ ملنے کی صورت میں وہاں متاثرہ علاقوں میں خوراک کی صورت حال انتہائی سنگین شکل اختیار کر سکتی ہے۔ جس کے نتیجے میں آبادیوں کی نقل مکانی ہو سکتی ہے۔

کینیا کے بارے میں یو ایس ایڈ کا کہنا تھا کہ اس ملک میں20 لاکھ لوگوں کو خوراک کی اشد ضرورت ہے اور وہ قحط جیسی صورت حال سے گذر رہے ہیں۔

نئی امداد کے ساتھ اس مالی سال کے دوران امریکہ نے ایتھوپیا اور کینیا کے خشک سالی اور قحط سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے 458 ملین ڈالر فراہم کیے ہیں۔

پچھلے مہینے امریکہ نے نائیجیریا، صومالیہ، جنوبی سوڈان اور یمن کے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے تقریباً 640 ملین ڈالر امداد کے وعدے کیے تھے۔

ان ملکوں کو خوراک کی قلت کے ساتھ ساتھ مسلح گروپوں کے ساتھ لڑائیوں کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کی اقتصادی حالت خراب ہے جس کی وجہ سے وہ صحت کی دیکھ بھال، امن وامان اور پانی کی فراہمی اور اس کے نکاس جیسی سہولتیں فراہم کرنے سے بھی قاصر ہیں۔

اس سے قبل اقوام متحدہ نے نائیجیریا، صومالیہ، جنوبی سوڈان اور یمن میں بڑے پیمانے پر بھوک کے خطرے سے خبردار کیا تھا۔ پچھلے مہینے عالمی ادارے نے کہا تھا کہ جنوبی سوڈان میں بہت سے لوگ بدستور خوراک کی قلت اور بھوک کے مسئلے کا سامنا کر رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں تقریبا80 کروڑ افراد کو غذائی قلت کا سامنا ہے جن میں زیادہ تر کا تعلق ترقی پذیر ملکوں سے ہے۔

XS
SM
MD
LG