رسائی کے لنکس

قرن افریقہ میں خشک سالی کا خطرہ، امریکہ مزید امداد دے گا


امریکہ نے موسم سے متعلق اس پیش گوئی کے دو روز بعد کہ اس سال قرن افریقہ میں بارشیں معمول سے کم ہوں گی، انسانی بھلائی کی نئی امداد علاقے میں بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی حکومت نے جمعرات کو کہا ہے کہ وہ صومالیہ، ایتھوپیا اور کینیا کے پناہ گزینوں اور قحط سے متاثرہ افراد کے لیے تقریباً پانچ کروڑ ڈالر کی اضافی امداد مہیا کرے گا۔

افریقہ کے یہ تین ملک ابھی اس خشک سالی کے اثرات سے باہر نکلنے کی کوشش کررہے ہیں جس نے 2011ء میں جنوبی صومالیہ کے کئی حصوں میں قحط کی شکل اختیار کرلی تھی۔

صومالیہ میں قحط کے نتیجے میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے اور ہزاروں کو خوراک اور پانی کی تلاش میں اپنا گھر چھوڑ کر موگادیشو یا کینیا اور ایتھوپیا کے پناہ گزین کیمپوں میں پناہ حاصل کرنی پڑی۔

منگل کے روز قحط کی صورت حال پر نظر رکھنے سے متعلق نیٹ ورک نے یہ انتباہ جاری کیا کہ علاقے میں مارچ سے مئی کے عرصے میں بارشیں معمول سے 15 سے 40 فی صد تک کم ہوں گی۔

امریکی محکمہ خارجہ نے کہاہے کہ امریکہ گذشتہ سال کے آغاز سے اب تک قرن افریقہ کے متاثرہ علاقوں کو تقریباً ایک ارب ڈالر مالیت کی انسانی ہمدردی کی امدا د مہیا کرچکاہے۔

XS
SM
MD
LG