رسائی کے لنکس

امریکہ کی 'ڈبلیو ٹی او' میں یورپی یونین کے خلاف شکایت


بوئنگ
بوئنگ

امریکی عہدیدار کے بقول یورپی ممالک کی جانب سے 'ایئر بس' کو زرِ تلافی کی ادائیگی کے باعث امریکی طیارہ ساز کمپنیوں کو اربوں ڈالر کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے نتیجے میں کئی محنت کش اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں

امریکہ نے عالمی تنظیم برائے تجارت ('ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بات کی تحقیقات کرے کہ آیا یورپی یونین نے دنیا کی سب سے بڑی طیارہ ساز کمپنی 'ایئر بس' کو زرِ تلافی کی ادائیگی ختم کردی ہےیا نہیں۔

امریکہ کے تجارتی نمائندے رون کرک نے یورپی یونین پر فرانسیسی کمپنی کو غیر قانونی طور پر تجارتی سہارا فراہم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے تجارتی پابندیوں کی مد میں 10 ارب ڈالر ہرجانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

امریکی عہدیدار کے بقول یورپی ممالک کی جانب سے 'ایئر بس' کو زرِ تلافی کی ادائیگی کے باعث امریکی طیارہ ساز کمپنیوں کو اربوں ڈالر کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے نتیجے میں کئی محنت کش اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

امریکہ اس معاملے پر 'ڈبلیو ٹی او' میں یورپی یونین کے خلاف باقاعدہ شکایت اپریل کے وسط میں درج کرائے گا۔واضح رہے کہ یورپی یونین اور امریکہ کے درمیان بالترتیب دنیا کی سب سے بڑی طیارہ ساز کمپنی 'ایئر بس' اور دوسری بڑی کمپنی 'بوئنگ' کو مالی مدد فراہم کرنے پر گزشتہ سات برس سے تنازع چلا آرہا ہے۔

اس سے قبل درج کرائی جانے والی شکایتوں پر اپنے فیصلوں میں عالمی تنظیم نے قرار دیا تھا کہ یورپی حکومتوں کی جانب سے تجارتی اعانت کی مد میں 'ایئر بس' کو 18 ارب ڈالر سے زائد کی ادائیگیاں کی جاچکی ہیں جب کہ امریکہ 'بوئنگ' کمپنی کو کو زرِ تلافی کی مد میں 4 ارب ڈالر تک ادا کرچکا ہے۔

XS
SM
MD
LG