رسائی کے لنکس

اسرائیلی سفارت خانے کے باہر خود سوزی کی کوشش کرنے والا امریکی فضائیہ کا اہلکار ہلاک


 امریکہ میں اسرائیل کے سفارت خانے کے باہر فضائیہ کے ایک اہلکار نے خود سوزی کی کوشش کی ہے۔
امریکہ میں اسرائیل کے سفارت خانے کے باہر فضائیہ کے ایک اہلکار نے خود سوزی کی کوشش کی ہے۔

امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں اسرائیلی سفارت خانے کے باہر خود سوزی کی کوشش کرنے والا امریکی فضائیہ کا حاضر سروس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا ہے۔

واشنگٹن ڈی سی حکام کے مطابق اتوار کے روز ایک شخص نے احتجاج کرتے ہوئے اچانک خود کو آگ لگانے کی کوشش کی۔

امریکی اخبار ’نیویارک ٹائمز‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکی فضائیہ کے اہلکار نے اپنے جسم پر محلول ڈالا اور خود کو آگ لگا دی۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ ’فری فلسطین‘ کے نعرے بھی لگا رہا تھا۔

اتوار کو پیش آنے والے واقعے میں متاثرہ شخص نے فوجی یونیفارم میں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی جس میں اس کا کہنا تھا کہ وہ نسل کشی میں مزید ملوث نہیں رہے گا۔

واشنگٹن ڈی سی کے محکمۂ فائر کے مطابق سیکریٹ سروس کے اہلکاروں نے اسرائیلی سفارت خانے کے قریب واقعے کے بعد آگ فوری طور پر بجھا دی تھی جب کہ جھلس جانے والے شخص کو قریب واقع ایک اسپتال منتقل کر دیا تھا۔

امریکی فضائیہ کے ترجمان نے تصدیق کی تھی کہ خود سوزی کی کوشش کرنے والا شخص فضائیہ کا اہلکار ہے۔

میٹروپولیٹن پولیس ڈپارٹمنٹ نے پیر کو ایک بیان میں کہا ہے کہ جھلس کر زخمی ہونے والے 25 سالہ ایرون بشنیل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ہیں۔

پولیس اور سیکریٹ سروس نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اس سے قبل ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا میں بھی اسرائیل کے قونصل خانے کے باہر ایک شخص نے خود سوزی کی کوشش کی تھی۔

خیال رہے کہ سات اکتوبر 2023 کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد غزہ میں شروع ہونے والی جنگ کے بعد واشنگٹن ڈی سی میں اسرائیل کے سفارت خانے کے باہر متواتر احتجاج ہو رہے ہیں۔

غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد فلسطینیوں کی حمایت کے ساتھ ساتھ امریکہ میں اسرائیل کے حامی بھی مظاہرہ کر رہے ہیں۔

حماس کے حملے میں اسرائیلی حکام کے مطابق 1200 افراد ہلاک جب کہ 240 سے زائد کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔

شمالی غزہ کے لوگ ’جانوروں کا کھانا‘ کھانے پر مجبور
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:32 0:00

حماس کے حملے کے بعد اسرائیل نے غزہ میں زمینی و فضائی کارروائی شروع کر دی تھی جو اب بھی جاری ہے۔

حماس کے زیرِ انتظام غزہ کے محکمۂ صحت کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملوں سے لگ بھگ 30 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے امریکہ میں جہاں احتجاج ہوئے ہیں وہیں حماس کی تحویل میں موجود یرغمال افراد کو بازیاب کرائے جانے کے مطالبات بھی سامنے آ رہے ہیں۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ اور 'اے پی' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG