رسائی کے لنکس

امریکی سفیر کی پاکستانی وزیر خزانہ سے ملاقات


ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری فریم ورک معاہدے ’ٹی آئی ایف اے‘ سے متعلق اُمور بھی زیر بحث آئے۔

پاکستان اور امریکہ نے معاشی شعبے میں تعاون کو وسعت دینے سے متعلق اُمور پر بات چیت کی ہے۔

امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن نے ہفتہ کو پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان معیشت اور خزانہ سے متعلق اُمور کے بارے میں ورکنگ گروپ کے ہونے والا اجلاس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری فریم ورک معاہدے ’ٹی آئی ایف اے‘ سے متعلق اُمور بھی زیر بحث آئے۔

پاکستان امریکہ اقتصادی ورکنگ گروپ کی میزبانی اسلام آباد کرے گا جب کہ تجارت اور سرمایہ کاری فریم ورک معاہدے سے متعلق اجلاس کا انعقاد امریکہ میں متوقع ہے۔

وزارت خزانہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ دونوں اجلاس پاکستان اور امریکہ کے درمیان معاشی تعاون میں بہت اہمیت رکھتے ہیں۔

پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں حالیہ مہینوں میں نمایاں بہتری آئی ہے اور رواں ماہ کے اوائل میں ہی طویل المدت اسٹرایٹیجک مذاکرات کا ایک دور ہوا، جس میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کی جب کہ اسٹریٹیجک مذاکرات کے تحت تعلیم ، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے ورکنگ گروپ کا افتتاحی اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔

رواں سال کے اوائل میں ہی امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے دورہ پاکستان کے دوران اسٹریٹیجک مذاکرات میں تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کو چھٹے گروپ کے طور پر اس میں شامل کیا گیا تھا۔

واضح رہے دفاع کے شعبے میں تعاون کے ساتھ ساتھ امریکہ پاکستان میں معیشت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کرتا آیا ہے۔

XS
SM
MD
LG