رسائی کے لنکس

کووڈ-19 کے لیے پہلی دوا کی منظوری، اب علاج گھر پر بھی ہو سکے گا


کرونا وائرس کے علاج کے لیے فائز کی تیار کردہ گولیاں 90 فی صد مؤثر ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
کرونا وائرس کے علاج کے لیے فائز کی تیار کردہ گولیاں 90 فی صد مؤثر ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

امریکہ نے بدھ کے روز کووڈ-19 کے علاج کے لیے فائزر کی تیار کردہ گولیاں استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ یہ دوا 12 سال اور اس سے زیادہ عمر کے افراد کے علاج کے لیے گھر پر ہی استعمال کی جا سکتی ہے۔ اس دوا کو مرض کے دوران استعمال کیا جا سکتا ہے۔

فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کے حکام نے اس دوا کی منظوری ایک ایسے موقع پر دی ہے جب کرونا وائرس کا نیا ویرینٹ امکرون ملک بھر میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور صدر بائیڈن کی انتظامیہ اس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات کر رہی ہے۔

فائزر کے کلینیکل تجربات کے اعداد و شمار کے مطابق یہ دوا شدید بیماری کی حالت میں مریضوں کو اسپتال میں داخلے اور اموات سے روکنے میں تقریباً 90 فی صد تک موثر ہے۔

لیبارٹری تجربات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ دوا امکرون کے خلاف بھی مؤثر ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ فائزر نے 2022 کے لیے ویکسین کی اپنی پیداوار کا ہدف 8 کروڑ خوراکوں کے کورسز سے بڑھا کر 12 کروڑ کورسز کر دیا ہے۔ کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ ویکسین کی فوری ترسیل کے لیے تیار ہے۔

وینڈر بلٹ یونیورسٹی کے اسکول آف میڈیسن کے وبائی امراض کے ایک ماہر ولیم شیفر نے کہا ہے کہ یہ دوا علاج کے اس خلا کو پر کر سکتی ہے جو امکرون کے پھیلاؤ کے باعث بڑھتا جا رہا ہے، کیونکہ امکرون کے خلاف اینٹی باڈی قسم کی دوائیں کم مؤثر ثابت ہو رہی ہیں۔

اینٹی باڈیز علاج کے لیے اسپتال میں داخل ہونا پڑتا ہے، کیونکہ اس علاج میں دوا نس کے ذریعے جسم میں داخل کی جاتی ہے اور قیمت کے لحاظ سے بھی وہ فائزر کی گولیوں سے دوگنا مہنگی ہے۔

امکرون پہلی بار نومبر میں جنوبی افریقہ اور ہانگ کانگ میں ظاہر ہونے کے بعد اب تقریباً ساری دنیا میں پھیل چکا ہے اور سی ڈی سی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کووڈ-19 کے 70 فی صد سے زیادہ نئے کیسز امکرون کے ہیں۔

فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے کہا ہے کہ فائزر کی یہ نئی دوا صرف ڈاکٹر کے نسخے پر ہی دی جا سکتی ہے۔ اور کووڈ-19 کی تشخیص اور علامات ظاہر ہونے کے پانچ دنوں کے اندر اس کا استعمال شروع کر دینا چاہیے۔ یہ دوا پانچ دن تک ہر 12 گھنٹے کے بعد لی جا سکتی ہے۔

دوا کی قیمت 530 ڈالر فی کورس مقرر کی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG