رسائی کے لنکس

امریکی باکسر پیٹرک ڈے دوران فائٹ انتقال کرگئے


امریکی اولمپیئن کونویل سے مقابلے کے دوران پیٹرک ڈے چوتھے اور آٹھویں راؤنڈ میں گرے جس کے بعد 10ویں راؤنڈ میں رنگ میں ڈھیر ہونے پر دوبارہ نہ اٹھ سکے۔ (فائل فوٹو)
امریکی اولمپیئن کونویل سے مقابلے کے دوران پیٹرک ڈے چوتھے اور آٹھویں راؤنڈ میں گرے جس کے بعد 10ویں راؤنڈ میں رنگ میں ڈھیر ہونے پر دوبارہ نہ اٹھ سکے۔ (فائل فوٹو)

امریکی باکسر پیٹرک ڈے دورانِ فائٹ دماغ پر شدید چوٹ لگنے کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔

ستائیس سالہ سپر ویلٹر ویٹ باکسر پیٹرک ڈے کا مقابلہ 2016 کے امریکی اولمپیئن چارلس کونویل سے ہفتے کے روز شکاگو کے ون ٹرسٹ ایرینا میں ہوا۔

اس مقابلے کے دوران ​پیٹرک ڈے کو دماغ میں شدید چوٹ آنے کے بعد اُنہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا ہنگامی بنیادوں پر آپریشن کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے اور بدھ کو اُن کا انتقال ہوگیا۔

پیٹرک کے پروموٹر لوڈی بیلا کا کہنا ہے کہ وہ ہفتے کے روز چارلس کونویل سے ناک آؤٹ شکست کے دوران دماغی طور پر زخمی ہوگئے تھے۔

لوڈی بیلا کا کہنا ہے کہ پیٹرک کے اہل خانہ، ٹیم اور ان کے تمام قریبی عزیز و اقارب اُن کے لیے دعاگو ہیں۔ جن لوگوں نے اس موقع پر اظہار ہمدردی کیا ہم ان کے مشکور ہیں۔

پیٹرک ڈے، نارتھ ویسٹرن میموریل اسپتال میں سرجری کے بعد کوما میں چلے گئے تھے اور آخری سانس تک کوما سے باہر نہ آسکے۔

پیٹرک ڈے اور کونویل کے درمیان ہونے والی آخری فائٹ کا ایک منظر
پیٹرک ڈے اور کونویل کے درمیان ہونے والی آخری فائٹ کا ایک منظر

شکاگو کے ون ٹرسٹ ایرینا میں سال 2016 کے امریکی اولمپیئن کونویل سے مقابلے کے دوران پیٹرک چوتھے اور آٹھویں راؤنڈ میں رنگ میں گرگئے تھے لیکن ہمت کر کے اٹھے اور پھر فائٹ کرنے لگے لیکن 10ویں راؤنڈ میں گرنے کے بعد وہ دوبارہ نہ اٹھ سکے۔

آخری راؤنڈ میں کونویل نے فائٹ کرتے ہوئے ڈے کے خلاف لیف ہک استعمال کیا جس کے سبب ڈے پیچھے کی جانب لڑ کھڑا گئے اور اسی دوران ان کا سر کینوس سے جا ٹکرایا۔

اس دوران میچ ریفری سیلسٹینو روئز نے ایک منٹ 46 سیکنڈز تک فائٹ کو روکے رکھا۔ ڈے کافی دیر تک کینوس پر پڑے رہے یہاں تک کہ انہیں فوری طبی امداد بھی دینا پڑی۔ ان کی حالت دیکھتے ہوئے فوری طور پر رنگ سے ہی اسپتال منتقل کیا گیا۔

پیٹرک ڈے کی ایک یادگار تصویر ۔ (فائل فوٹو)
پیٹرک ڈے کی ایک یادگار تصویر ۔ (فائل فوٹو)

یاد رہے کہ ڈے رواں سال فائٹ کے دوران زخمی ہو کر انتقال کر جانے والے تیسرے باکسر ہیں۔ اس سے قبل ارجنٹائن کے ایک باکسر ہوگو سینٹیلان بھی اسی طرح جولائی میں رنگ میں زخمی ہونے کے بعد چل بسے تھے۔

ہوگو سینٹیلان کی موت کے دو روز بعد ہی روسی باکسر میکسم داداشیف میری لینڈ میں دماغی چوٹ کے باعث انتقال کرگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG