رسائی کے لنکس

خفیہ نگرانی کا انکشاف، برازیل کی صدر کا دورہٴ امریکہ معطل


امریکی اہل کاروں کا کہنا ہے کہ ’این ایس اے‘ کی طرف سے کی جانے والی نگرانی کا تعلق دہشت گردی کی مشتبہ کارروائیوں پر نظر نظر رکھنا تھا

برازیل میں مبینہ امریکی سائبر جاسوسی کے انکشاف پر تشویش کے باعث، برازیل کی صدر ڈِیلما روسف نے اگلے ماہ ہونے والا اپنا سرکاری دورہٴ امریکہ منسوخ کر دیا ہے۔

صدر براک اوباما کی دوسری مدت صدارت کے دوران 23اکتوبر سے شروع ہونے والے اس دورے میں، واشنگٹن میں صدر روسف کو اعزاز دینے کی ایک تقریب منعقد ہونے والی تھی۔

تاہم، منگل کے روز اُن کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قو می سلامتی کے ادارے کے خفیہ پروگرام سے متعلق انکشافات پر ’بروقت تفتیش نہ کیے جانے کی وجہ سے‘ ترتیب دیے گئے پروگرام کے مطابق اس دورے کےلیے سازگار حالات موجود نہیں۔

امریکی انٹیلی جنس کےایک سابق اہل کار، ایڈورڈ سنو ڈن کی طرف سے افشا کی گئی دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ’این ایس اے‘ نے صدر روسف کی طرف سے اپنے مشیروں کو بھیجے گئے پیغامات کی نگرانی کی گئی؛ برازیل کی سرکاری تحویل میں کام کرنے والی تیل کی کمپنی ’پیٹروباس‘ کے کمپوٹر نیٹ ورک کو ہیک کیا گیا؛ اور لاکھوں کی تعداد میں برازیل سے باہر جانے والی اِی میلز اور ٹیلی فون کالز کا ڈیٹا حاصل کیا گیا۔

وائٹ ہاؤس اور صدر روسف کے دفتر نے بتایا ہے کہ اُنھوں نے اور صدر اوباما نے اس سرکاری دورے کو مؤخر کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں سربراہان نے پیر کو ٹیلی فون پر گفتگو کی۔

برازیلی بیان کے مطابق، مز روسف کی حکومت پُراعتماد ہے کہ جب خفیہ نگرانی کے سوال کا بخوبی تصفیہ ہو جائے گا، تو اس دورے کا پروگرام دوبارہ تشکیل دیا جائے گا۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان، جے کارنی نے کہا ہے کہ صدر اوباما صدر روسف کی واشنگٹن آمد کے منتظر ہیں، جس کی نئی تاریخ باہمی طور پر طے کی جائے گی۔

کارنی نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کسی ایک باہمی مسئلے کے باعث اثر انداز نہیں ہونا چاہئیے، چاہے یہ معاملہ کتنا ہی اہم یا چیلنج کا باعث ہی کیوں نہ ہو۔


گذشتہ چند برسوں کے دوران برازیل اور امریکہ کے تعلقات بڑھے ہیں، لیکن خفیہ انکشافات کی رپورٹ پر برازیل برہم ہے۔

امریکی اہل کاروں کا کہنا ہے کہ ’این ایس اے‘ کی طرف سے کی جانے والی نگرانی کا تعلق دہشت گردی کی مشتبہ کارروائیوں پر نظر نظر رکھنا تھا۔
XS
SM
MD
LG