رسائی کے لنکس

امریکہ اور چین کا افغان سفارت کاروں کے لیے مشترکہ تربیتی پروگرام


 اینٹونی بلنکن
اینٹونی بلنکن

امریکہ اور چین کے اشتراک سے افغانستان کے سفارتی عملے کو تربیت فراہم کرنے کا یہ چوتھا سال ہے جس میں انہیں سفارت کاری، ابلاغ اور انتظامی امور کی تربیت فراہم کی جاتی ہے۔

امریکہ اور چین کے اشتراک سے افغانستان کے سفارتی عملے میں شمولیت اختیار کرنے والے نئے سفارت کاروں کی سفارتی امور میں مہارت کی تربیت کا پروگرام بدھ کو واشنگٹن میں شروع ہوا۔

15 رکنی افغان عملے نے چار نے ہفتوں پر مشتمل جامع تربیت شروع ہونے سے پہلے امریکہ کی وزارت خارجہ میں ایک اجلاس میں شرکت کی۔

امریکہ اور چین کے اشتراک سے افغانستان کے سفارتی عملے کو تربیت فراہم کرنے کا یہ چوتھا سال ہے, جس میں انہیں سفارت کاری، ابلاغ اور انتظامی امور کی تربیت فراہم کی جاتی ہے۔

امریکہ کے نائب وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے ان زیر تربیت ارکان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی پائیدار ترقی واشنگٹن اور بیجنگ کے مشترکہ مفاد میں ہے۔

"اس پروگرام سے افغانستان کی نئی نسل کے رہنماؤں جس میں آپ شامل ہیں، کو نہ صرف مدد فراہم کی جاتی ہے بلکہ اس سے امریکہ اور چین نے مستحکم، محفوظ، خوشحال اور متحد افغانستان کے لیے مل کر کام کرنے کی بنیاد رکھی ہے"۔

افغانستان کے سفارتی عملے کو تربیت فراہم کرنے کے لیے 2012ء میں شروع ہونے والے پروگرام کے لیے کابل میں امریکہ اور چین کے سفارت خانے مشترکہ طور پر ہر سال پندرہ ذہین نوجوان سفارت کاروں کو منتخب کرتے ہیں۔ اب تک 35 سال سے کم عمر کے 45 اہلکار تربیت حاصل کر چکے ہیں۔

امریکہ میں افغانستان کے سفیر حامد اللہ محب نے کہا کہ ان میں سے دو مرد اور دو خواتین سفارت کار اب ان کے سفارت خانے میں کام کر رہے ہیں۔

افغان سفارت کاروں کے لیے امریکہ چین کا مشترکہ تربیتی پروگرام دونوں ملکوں کے اسٹریٹیجک اور اقتصادی ڈائیلاگ کا حصہ ہے۔

امریکہ میں چین کے سفیر سوے ٹین کائی نے چینی وزارت خارجہ کا ایک لکھا ہوا بیان پڑھتے ہوئے کہا کہ یہ اشتراک امریکہ اور چین کے مابین سب سے اعلیٰ سطح کا تعاون ہے۔

چینی سفیر نے کہا کہ "جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ چین کے صدر اس ماہ کے اواخر میں امریکہ کا سرکاری دورہ کریں گے۔ مجھے یہ دیکھ کر بڑی خوشی ہو گی کہ صدر شی اور صدر اوباما کے درمیان ملاقات کے اییجنڈے میں اگر یہ قابل عمل پروگراموں میں سے ایک پروگرام بن جاتا ہے"۔

افغانستان کا 15 رکنی زیر تربیت سفارتی عملہ امریکی وزارت خارجہ کی روزانہ ہونے والی بریفنگ میں بھی شرکت کرے گا۔ وہ دو ہفتے تک واشنگٹن اور نیویارک میں گزاریں گے اور اس کے بعد اکتوبر میں وہ دو ہفتوں کے لیے بیجنگ اور دوسرے چینی شہروں کا دورہ کریں گے۔

XS
SM
MD
LG