رسائی کے لنکس

تعلقات کو درست ڈگر پر لانے کے لیے دورہ پاکستان کا اعلان


صدر زرداری اور سینیٹر کیری (فائل فوٹو)
صدر زرداری اور سینیٹر کیری (فائل فوٹو)

سینیٹر جان کیری نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد دوطرفہ تعلقات کو ”درست ڈگر“ پر لانے کے لیے آنے والے دنوں میں وہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔

جان کیری نے بتایا کہ وہ پاکستان میں تمام اہم رہنماؤں سے ملاقاتوں میں پاک امریکہ روابط پر بات چیت کریں گے جو 2 مئی کو امریکی اسپیشل فورسز کی خفیہ کارروائی کے بعد سے تناؤ کا شکار ہیں۔

واشنگٹن میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں امریکی سینیٹ کی خارجہ اُمور کمیٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ متعدد افراد کا موقف تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان ایبٹ آباد آپریشن کے بعد کی صورت حال پر بات چیت کا آغاز سود مند ثابت ہوگا۔

تاہم پاکستان کے ”دوست“ قرار دیے جانے والے ڈیموکریٹ رکن کانگریس کو اپنے اس متوقع دورے میں امریکہ کمانڈوز کی یک طرفہ کارروائی پر پاکستانی عسکری عہدے داروں کی طرف سے شکایات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

ایک اعلیٰ پاکستانی سکیورٹی افسر نے برطانوی خبررساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کو نام ظاہر نا کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایبٹ آباد آپریشن پاکستانی فوج اور اس کی نگرانی میں کام کرنے والی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کی بدنامی کا باعث بنا۔

توقع کی جا رہی ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کا نیا دور رواں ماہ کے اواخر میں ہو گا، جب کہ پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان تہمینہ جنجوعہ کے مطابق اس سلسلے میں تفصیلات طے کی جا رہی ہیں۔ پروگرام کے تحت مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت وزیر خارجہ ہلری کلنٹن کریں گی۔

پاکستان نے اسامہ بن لادن کی ملک میں موجودگی کا کھوج لگانے میں ناکامی پر سکیورٹی ایجنسیوں کی ناکامی کا اعتراف کیا ہے لیکن ساتھ ہی ان اداروں کا دفاع کرتے ہوئے اُن پر القاعدہ کے رہنما کی معاونت کرنے کے الزامات کو مسترد کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG