رسائی کے لنکس

کرونا وائرس: امریکی ریاست لوزیانا میں پرائمری انتخاب ملتوی


امریکہ میں اب تک ہونے والی ڈیموکریٹک پرائمریز میں سابق امریکی نائب صدر جو بائیڈن کو برتری حاصل ہے۔
امریکہ میں اب تک ہونے والی ڈیموکریٹک پرائمریز میں سابق امریکی نائب صدر جو بائیڈن کو برتری حاصل ہے۔

امریکی ریاست لوزیانا نے ڈیموکریٹک پارٹی کے 4 اپریل کو ہونے والے پرائمری انتخاب کو جون تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

لوزیانا پہلی ریاست ہے جس نے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے الیکشن آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ الیکشن میں خدمات انجام دینے والے معمر کارکنوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

آئندہ منگل کو ریاست ایریزونا، فلوریڈا، الی نوئے اور اوہائیو میں پرائمری انتخاب ہونے ہیں اور فی الحال ان ریاستوں نے پرائمریز ملتوی کرنے کا فیصلہ نہیں کیا۔ ان کے بعد 24 مارچ کو جارجیا اور 29 مارچ کو پورٹوریکو میں پرائمری الیکشن ہوں گے۔

4 اپریل کو الاسکا، ہوائی اور وائیومنگ میں پرائمری انتخابات شیڈول کے مطابق ہوں گے جب کہ لوزیانا کی تاریخ 20 جون تک بڑھا دی گئی ہے۔

نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مقابلہ کرنے کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کے تین رہنما نامزدگی حاصل کرنے کے لیے امیدوار ہیں۔ ان میں سابق نائب صدر جو بائیڈن، سینیٹر برنی سینڈرز اور رکن کانگریس تلسی گیبرڈ شامل ہیں۔

بائیڈن کو اب تک ہوئے پرائمری انتخابات میں برتری حاصل ہے۔ وہ اور برنی سینڈرز اتوار کو واشنگٹن میں مباحثے میں مدمقابل ہوں گے۔ اس تقریب میں حاضرین موجود نہیں ہوں گے۔ یہ مباحثہ ایریزونا کے شہر فینکس میں ہونا طے پایا تھا لیکن کرونا وائرس کے پیش نظر اسے دارالحکومت منتقل کر دیا گیا۔

XS
SM
MD
LG