نومبر کے مہینے میں، امریکی معیشت میں روزگار کے 321000 نئے مواقع پیدا ہوئے، جو تقریبا ً تین برس کے دوران روزگار میں اضافے کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
امریکی محکمہٴمحنت کی طرف سے جمعے کے روز جاری کردہ اِس رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بے روزگاری کی قومی شرح چھ سال کی کم ترین سطح، یعنی 5.8 پر کھڑی ہے۔
گذشتہ سال کے مقابلے میں، بے روزگار افراد کی شرح میں 17لاکھ کی کمی واقع ہوئی۔ تاہم، ابھی بھی 90 لاکھ افراد کو روزگار میسر نہیں؛ جب کہ مزید کئی لاکھ لوگ جنھیں کُل وقتی روزگار درکار ہے، اُنھیں محض جُز وقتی کام میسر آ سکا ہے۔
صدر اوباما نے کہا ہے کہ گذشتہ چند سال نجی شعبے میں روزگار کے مواقع میں اضافے کے اعتبار سے بہتر رہے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی ایک تقریب میں اپنے خطاب کے دوران، اُنھوں نے کہا کہ اِن میں سے زیادہ تر روزگار کے مواقع اُن صنعتوں میں پیدا ہوئے ہیں جو بہتر اجرت دیتی ہیں، جب کہ اجرتوں میں مجموعی طور پر اضافہ دیکھا گیا ہے۔
مسٹر اوباما نے کانگریس پر زور دیا کہ کاروبارِحکومت جاری رکھنے میں مدد دیں، اور معیشت کے فروغ میں اعانت کے سلسلے میں، ٹیکسوں، اِمی گریشن اور تجارت کے شعبوں میں اصلاحات لانے میں مدد دیں۔
اُنھوں نے قانون سازوں پر زور دیا کہ زیریں ڈھانچے میں سرمایہ کاری اور کم سے کم اجرت میں اضافہ لانے میں مدد دیں۔
صدر نے اِس بات کا عہد کیا کہ وہ معاشی امور کو اہمیت دیتے رہیں گے، جب تک وہ سارے امریکی جو کام کی استطاعت رکھتے ہیں، روزگار حاصل نہیں کر لیتے۔