رسائی کے لنکس

شہرت کی 'خواہش' نے لڑکے کی جان لے لی


مونالیزا پریز اور پیڈرو روئز (فائل فوٹو)
مونالیزا پریز اور پیڈرو روئز (فائل فوٹو)

انٹرنیٹ پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اچھوتے انداز، متنازع بیانات اور وڈیوز سے توجہ حاصل کرنا کچھ اتنا مشکل نہیں لیکن بعض اوقات ان سرگرمیوں کی بہت بھاری قیمت بھی چکانا پڑتی ہے۔

امریکہ کی ریاست منیسوٹا میں ایک ایسے ہی واقعے میں جہاں ایک لڑکے کو اپنی جان گنوانا پڑی تو وہیں اس کی دوست کو قتل کے مقدمے کا سامنا ہے۔

19 سالہ لڑکی مونالیزا پریز پر 22 سالہ پیڈرو روئز کے غیر ارادی قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

پریز نے پولیس کو بتایا کہ روئز کا خیال تھا کہ ایک ایسے کرتب کی وڈیو 'یوٹیوب' پر شیئر کی جائے جس سے زیادہ سے زیادہ لوگ اسے دیکھیں اور اس کے لیے روئز اپنے سینے پر ایک کتاب رکھیں گے اور پریز اس پر گولی چلائی گئی اور ان کے خیال میں گولی کتاب کی ضحامت کی وجہ سے روئز کو نہیں لگے گی۔

پولیس کے مطابق روئز نے ایک بہت موٹی جلد والی کتاب اپنے سینے پر رکھی اور پریز نے تقریباً ایک فٹ کے فاصلے سے پوائنٹ 50 کیلبر کی گن سے اس پر گولی چلائی۔

یہ سب وہ اپنے گھر کے باہر ہی کر رہے جہاں ان دونوں کی تین سالہ بیٹی اور تقریباً 30 پڑوسی بھی یہ منظر دیکھ رہے تھے۔

ڈیزرت ایگل ساختہ پوائنٹ 50 کیبلر کی یہ گن دنیا کی طاقتور ترین پسٹلز میں شمار ہوتی ہے۔

جیسے ہی گولی پسٹل سے نکلی وہ کتاب کو چیرتی ہوئی روئز کے سینے میں جا لگی اور اس کی موت واقع ہو گئی۔

پریز پر بدھ کو غیر ارادی قتل کی فرد جرم عائد کی گئی جس کی سزا دس سال قید اور بیس ہزار ڈالر تک کا جرمانہ ہے۔

روئز کی ایک رشتے دار خاتون نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ لڑکے نے انھیں اپنے اس خیال کے بارے میں بتایا تھا اور اس کا کہنا تھا کہ وہ مشہور ہونا چاہتا ہے، لیکن ان کے بقول انھوں نے اسے ایسا کرنے سے منع کیا تھا۔

پریز کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ حاملہ ہیں اور وڈیو میں وہ یہ کہتی ہیں کہ وہ روئز کے ان کے پاس آنے پر بہت خوش ہیں۔

حکام نے وڈیو کیمرے بھی قبضے میں لے لیے ہیں اور اس میں ریکارڈ کی گئی وڈیو کو جاری نہیں کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG