رسائی کے لنکس

گوانتناموبے کے قیدیوں کی ممکنہ منتقلی کے لیے امریکہ میں جیلوں کی تلاش


ایش کارٹر کی ہدایت پر لیون ورتھ میں واقع تنصیب اور جنوبی کیرولائنا کے شہر چارلسٹن میں واقع ایک اور فوجی عمارت کے جائزے کی منظوری دی گئی ہے۔

محکمہ دفاع نے ریاست کینسس کے شہر لیون ورتھ میں گوانتنامو بے کے قیدیوں کو ممکنہ طور پر رکھنے کے لیے ایک فوجی تنصیب کا معائنہ شروع کیا ہے۔

دفاعی ترجمان کے مطابق سیکرٹری دفاع ایش کارٹر کی ہدایت پر لیون ورتھ میں واقع تنصیب اور جنوبی کیرولائنا کے شہر چارلسٹن میں واقع ایک اور فوجی عمارت کے جائزے کی منظوری دی گئی ہے۔

ترجمان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ فوجی اہلکاروں نے جمعرات کو لیون ورتھ میں سروے شروع کیا جبکہ چارلسٹن میں یہ کام ’’ایک ہفتے تک‘‘ شروع کیا جائے گا۔

امریکی محکمہ دفاع کے حکام کے مطابق امریکہ میں واقع جیل میں 50 کے قریب قیدیوں کو رکھنے کی ضرورت ہو گی۔ اس وقت گوانتنامو بے میں واقع بحری اڈے کے حراستی مرکز میں 116 افراد قید ہیں۔ ان میں سے کئی دوسرے ملکوں میں منتقل کیے جانے کے اہل ہیں۔

دفاعی ترجمان نے کہا کہ ’’سروے امریکہ کے اندر ایسے مقامات کی نشاندہی کے عمل کا حصہ ہے جو ملٹری کمشن کی معاونت کر سکیں اور ممکنہ طور پر اس وقت گوانتناموبے میں موجود قیدیوں کو رکھ سکیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ فوجی اہلکار کئی ’’فوجی اور سویلین مقامات‘‘ کا یہ دیکھنے کے لیے جائزہ لیں گے کہ آیا وہ ’’رحمدلانہ اور محفوظ‘‘ انداز سے جنگی قیدیوں کے قانون کو لاگو کر سکیں گے یا نہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ’’صرف ان مقامات کا جائزہ لیا جائے گا جو قیدیوں کو سب سے زیادہ سکیورٹی کی سطح پر رکھ سکیں۔‘‘

پینٹاگان کے ترجمان کیپٹن جیف ڈیوس نے اس سے قبل رواں ہفتے کہا تھا کہ پینٹاگان اگست میں کانگریس کی گرمیوں کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد کسی وقت گوانتنامو بے حراستی مرکز کو بند کرنے کا منصوبہ قانون سازوں کے حوالے کرے گا۔

قانون میں تبدیلی

تاہم موجودہ امریکی قوانین کے مطابق فوج اور محکمہ انصاف کو اجازت نہیں کہ ان قیدیوں امریکہ بھیجا جائے۔

قیدیوں کو کینسس، جنوبی کیرولائنا یا کسی بھی دوسری ریاست میں منتقل کرنے کے لیے کانگریس کو نیا قانون منظور کرنا ہو گا۔

صدر براک اوباما اپنا عہد صدارت شروع ہونے کے وقت سے کہہ رہے ہیں کہ گوانتنامو بے میں قائم حراستی مرکز کو بند ہونا چاہیئے۔

11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد صدر جارج ڈبلیو بش کی طرف سے قائم کیے گئے گوانتنامو بے حراستی مرکز میں ایک وقت میں دہشتگردی کی جنگ کے دوران پکڑے گئے 800 افراد قید تھے۔

گوانتنامو بے کے رپبلیکن حامیوں کا کہنا ہے کہ یہ حراستی مرکز امریکہ کے دشمنوں کو رکھنے اور ان سے پوچھ گچھ کرنے کا لازمی حصہ ہے۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی بھی کی کہ وہاں سے رہا کیے گئے کچھ قیدیوں نے پھر سے امریکہ کے خلاف ہتھیار اٹھا لیے ہیں۔

XS
SM
MD
LG