رسائی کے لنکس

امریکہ: تعطیلات کے دوران سفر کرنے والوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ


امریکہ میں سالانہ تعطیلات کے آغاز کے ساتھ ہی ہائی ویز، ہوائی اڈوں اور بسوں اور ٹرینوں کے اسٹیشنز پر بے تحاشا رش شروع ہوجاتا ہے۔
امریکہ میں سالانہ تعطیلات کے آغاز کے ساتھ ہی ہائی ویز، ہوائی اڈوں اور بسوں اور ٹرینوں کے اسٹیشنز پر بے تحاشا رش شروع ہوجاتا ہے۔

'اے اے اے' کے مطابق امریکہ میں یہ مسلسل نواں سال ہے جب سال کے اختتام پر تعطیلات کے دوران سفر کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔

امریکہ میں رواں سال سالانہ تعطیلات کے دوران سفر کرنے والوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جسے ماہرین امریکی معیشت کے لیے اچھی علامت قرار دے رہے ہیں۔

امیریکن آٹو موبیل ایسوسی ایشن (اے اے اے) کی جانب سے ہر سال جاری کردہ اندازے کے مطابق دسمبر کے اختتامی اور آئندہ سال کے ابتدائی چند روز کے دوران سالانہ چھٹیوں کے موقع پر 10 کروڑ 70 لاکھ سے زائد امریکی سڑک، ریل اور ہوائی جہازوں کے ذریعے اپنے آبائی علاقوں، تفریحی مقامات اور دیگر علاقوں کا سفر کریں گے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود رواں سال سالانہ تعطیلات کے دوران سفر کرنے والوں کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں 1ء3 فی صد زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

'اے اے اے' کے مطابق امریکہ میں یہ مسلسل نواں سال ہے جب سال کے اختتام پر تعطیلات کے دوران سفر کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔

ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 2005ء سے سالانہ تعطیلات کے دوران سفر کرنے والوں کی تعداد میں 25 فی صد کی شرح سے لگ بھگ ڈھائی کروڑ افراد کا اضافہ ہوا ہے۔

'اے اے اے' کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس سال کرسمس اور سالِ نو کے موقع پر نو کروڑ 74 لاکھ امریکی سڑک کے ذریعے مختلف مقامات کا سفر کریں گے۔

لگ بھگ ساڑھے 64 لاکھ افراد اپنی تعطیلات اہلِ خانہ یا دوست احباب کے ساتھ یا کسی تفریحی مقام پر گزارنے کے لیے ہوائی جہاز سے سفر کریں گے جب کہ 36 لاکھ افراد سفر کے لیے ٹرینوں، بسوں یا کروز شپس کا انتخاب کریں گے۔

لیکن اس بار بھی تعطیلات کے دوران سفر کرنے والے بہت سے افراد اپنی چھٹیاں اپنے اہلِ خانہ یا رشتے داروں کےساتھ گزارنے نہیں جارہے۔

رپورٹ کے مطابق مسلسل دوسرے سال بھی فلوریڈا کا شہر اورلینڈو اور کیلی فورنیا کا شہر ایناہائم تعطیلات کے دوران سفر کرنے والوں کی سرفہرست منازل میں شامل ہیں۔ ان دونوں شہروں میں ڈزنی کے مشہورِ زمانہ 'تھیم پارک' – والٹ ڈزنی ورلڈ اور ڈزنی لینڈ – واقع ہیں۔

اپنی تعطیلات تفریحی مقامات پر گزارنے کے خواہش مند امریکیوں کی اس سال سرِ فہرست منازل میں میکسیکو کا شہر کینکن، جزیرہ ہوائی، جمیکا، ڈومینیکن ری پبلک اور ریاست فلوریڈا کے کئی مقامات شامل ہیں جہاں دسمبر کے ان ایام میں بھی موسم خاصا معتدل ہوتا ہے۔

رواں سال تفریحی مقامات پر چھٹیاں گزارنے کے خواہش مند امریکیوں کی ٹاپ 10 منازل میں صرف ایک سرد مقام – نیویارک شہر – ہے جو فہرست میں دسویں نمبر پر ہے۔

XS
SM
MD
LG