رسائی کے لنکس

امریکی اپیل کے باوجود جبرالٹر نے ایرانی آئل ٹینکر کو جانے کی اجازت دے دی


جبل الطارق کے ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ ایران کی حکومت سے باضابطہ تحریری یقین دہانیوں کے بعد کہ وہ اپنا کارگو شام میں نہیں اتارے گا، حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ’گریس ون‘ نامی ایرانی سپرٹینکر کو سفر جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔

’جبرالٹر کرونیکل‘ نے 15 اگست کو ٹوئٹر پر بیان دیا ہے کہ ’’اس بنیاد پر، جبرالٹر کے وزیر اعلیٰ، فیبیان پکارڈو نے حراست میں لینے اور جہاز کو سفر سے روکنے کا حکم نامہ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے‘‘۔

اقدام سے متعلق اس خبر کے باوجود، آخری لمحات میں امریکہ نے کوشش کی کہ ایران اور برطانیہ کے درمیان آئل ٹینکر کے حوالے سے جاری تعطل برقرار رہے۔

جبرالٹر کی حکومت نے 15 اگست کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’متعدد الزامات کے معاملے پر امریکی محکمہ انصاف نے کوشش کی کہ ’گریس ون‘ کو بند رکھا جائے، جو بات اب زیر غور ہے‘‘۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بیرون ملک علاقہ جات کی برطانوی سپریم کورٹ مقامی وقت کے مطابق 4 بجے اس معاملے کا جائزہ لے گی۔

امریکہ کی درخواست سے ’’چند ہی گھنٹے قبل، جبرالٹر کی حکومت نے ایرانی سپر ٹینکر کو چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا تھا، جسے جولائی کے اوائل میں حراست میں لیا گیا تھا‘‘۔

اخبار نے خبر دی ہے کہ ’’حکومت جبرالٹر کو ایرانی حکومت سے باضابطہ تحریری یقین دہانیاں موصول ہو گئی ہیں کہ جہاز اپنا کارگو شام میں نہیں اتارے گا‘‘۔

تاہم، اس میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’ابھی یہ بات واضح نہیں آیا جہاز جبرالٹر سے سفر شروع کرے گا یا یہ کہ ایسا ہونے سے قبل امریکہ اس عمل کو روکنے کے لیے باضابطہ طور پر عدالت میں درخواست پیش کرے گا‘‘۔

امریکی محکمہ انصاف نے اس معاملے پر بیان نہیں دیا، جب کہ برطانیہ کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ’’گریس ون سے متعلق تفتیش حکومت جبرالٹر کا معاملہ ہے‘‘۔

’گریس ون‘ کو زیر حراست رکھنے کا حکم نامہ 17 اگست کی شام ختم ہوجائے گا۔

چار جولائی کو جبرالٹر کے حکام نے برطانوی روئل میرینز کی مدد سے یہ سمندری جہاز پکڑ لیا تھا۔ ’گریس ون‘ میں 2.1 ملین بیرل ایرانی تیل لے جایا جا رہا تھا۔ اور حکام نے الزام لگایا ہے کہ یہ عمل شام پر یورپی یونین کی جانب سے عائد تعزیرات کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

ایران کا کہنا ہے کہ ٹینکر بین الاقوامی بحری حدود میں تھا اور شام نہیں جا رہا تھا۔

ایرانی ٹینکر پکڑے جانے کے جواب میں 19 جولائی کو ایران کے پاسداران انقلاب نے ایک برطانوی آئیل ٹینکر، ’اسٹینا امپرو‘ کو حکمت عملی کے حامل ہرمز کے علاقے میں پکڑ لیا تھا، جو خیلج فارس کو خلیج اومان سے ملاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG