رسائی کے لنکس

مضروب رکن کانگریس شوہر کی خلائی سفر پر روانگی کا منظر دیکھیں گی


گبریئل اپنے شوہر کے ساتھ (فائل فوٹو)
گبریئل اپنے شوہر کے ساتھ (فائل فوٹو)

رواں سال جنوری میں فائرنگ کے ایک واقعے میں شدید زخمی ہونے والی امریکی کانگریس کی رکن آئندہ ماہ اپنے خلا نورد شوہر کی خلائی سفر پر روانگی کا منظر دیکھنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

مضروب قانون ساز گبریئل گفرڈز کے قریبی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے، جب کہ ان کے ڈاکٹر ان کی صحت سے متعلق جمعہ کو ایک پریس کانفرنس میں صحافیوں کو آگاہ کریں گے۔

گبرئیل کے شوہر مارک کیلی کی سربراہی میں چھ خلابازوں کو لے کر خلائی شٹل اینڈیور اپنے آخری مشن پر نو اپریل کو فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سنٹر سے روانہ ہوگی۔

ریاست اریزونا کے علاقے ٹوسان میں ہونے والی فائرنگ میں گبرئیل کے دماغ پر شدید زخم آئے تھے جب کہ اس واقعے میں چھ افراد ہلاک اور 12دیگر زخمی ہوگئے تھے۔ فائرنگ کے بعد گبرئیل کی ہلاکت کی متضاد اطلاعات سامنے آتی رہیں تاہم وہ ان زخموں کے باوجود زندہ رہیں اور ہیوسٹن کے ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ان کے خاندان والوں کا کہنا ہے کہ وہ تیزی سے صحت یاب ہورہی ہیں۔

فائرنگ کرنے کے الزام میں گرفتار 22سالہ جارڈ لوہنر کورواں ہفتے ٹوسان کی ایک وفاقی عدالت میں پیش گیا گیا جہاں ملزم نے اپنے اوپر لگائے گئے 49 الزامات کو مسترد کیا۔

XS
SM
MD
LG