رسائی کے لنکس

لیبیا: امریکی فضائی حملے میں داعش کے 17 جنگجو ہلاک


امریکی فوج کی افریقی کمان (افریکوم) نے بتایا ہے کہ جمعرات کے روز لیبیا پر امریکہ کے فضائی حملے میں دولت اسلامیہ کے 17 جنگجو ہلاک ہوئے۔

افریکوم کے بیان سے وائس آف امریکہ کی ان اطلاعات کی تصدیق ہوتی ہے جس میں بتایا گیا تھاکہ امریکی افواج کی جانب سے داعش کو نشانہ بنانے کی کارروائی میں 10 سے زیادہ عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔

اس ماہ اس دہشت گرد گروپ کے خلاف کی جانے والی یہ تیسری امریکی کارروائی تھی، جو لیبیا کے جنوب مغربی قصبے، مرزق میں کی گئی۔

افریکوم کے مطابق، منگل کے روز کیے گئے فضائی حملے میں داعش کے 11 جب کہ گذشتہ ہفتے ہونے والی کارروائی میں آٹھ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

امریکی بحریہ کے ریئر ایڈمرل ہایڈی برگ، جو افریکوم میں انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر ہیں، بتایا ہے کہ یہ کارروائیاں لیبیا کی حکومت کے ساتھ رابطے میں رہ کر کی گئیں، جن کا مقصد دہشت گردوں کو محفوظ ٹھکانوں سے محروم کرنا تھا، جو لیبیا کے بے گناہ لوگوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

لیبیا کی بگڑتی ہوئی سلامتی کی صورت حال کے نتیجے میں دولت اسلامیہ سے منسلک جنگجو ملک کے جنوب میں واقع ریگستان کے علاقے میں لاقانونیت کی نوعیت کی کارستانیوں کو پروان چڑھاتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG