رسائی کے لنکس

امریکی نائب صدر کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ


ریاست آئیووا میں سیلاب سے وسیع علاقہ زیرِ آب آیا ہوا ہے۔
ریاست آئیووا میں سیلاب سے وسیع علاقہ زیرِ آب آیا ہوا ہے۔

امریکہ کے نائب صدر مائیک پینس نے وسط مغربی ریاست نیبراسکا کے ان علاقوں کا دورہ کیا ہے جو گزشتہ ہفتے آنے والے سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

امریکی نائب صدر نے منگل کو سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کے علاوہ نیبراسکا کے ریاستی حکام کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں جن میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں نائب صدر کا کہنا تھا کہ نیبراسکا کے گورنر کی درخواست پر ریاست میں وفاقی سطح کی ہنگامی حالت کے نفاذ کا جلد اعلان کردیا جائے گا۔

اس اقدام سے علاقے میں جاری امدادی سرگرمیوں کے لیے وفاقی حکومت کے مزید وسائل اور افرادِ کار مختص کیے جاسکیں گے۔

نائب صدر مائیک پینس سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی معائنہ کر رہے ہیں۔
نائب صدر مائیک پینس سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی معائنہ کر رہے ہیں۔

نیبراسکا، آئیووا اور وسکونسن کی وسط مغربی ریاستیں گزشتہ ہفتے آنے والے سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

سیلاب اس سرمائی طوفان کے باعث ہونے والی شدید بارشوں کے باعث آیا تھا جسے اس کی شدت کے باعث 'بم سائیکلون' کا نام دیا گیا تھا۔

طوفان کے باعث ہونے والی بارشوں اور بعد میں اچانک گرم موسم سے پگھلنے والی برف سے شمالی امریکہ کے سب سے بڑے دریا، دریائے میزوری اور اس سے نکلنے والے دیگر دریاؤں اور نہروں میں شدید طغیانی آگئی تھی جس سے وسیع علاقہ زیرِ آب آگیا ہے۔

تینوں ریاستوں کی حکومتوں نے سیلاب کے باعث ہنگامی حالت نافذ کردی ہے جب کہ نیبراسکا کے گورنر نے وفاقی حکومت سے بھی ریاست کی سطح پر ایمرجنسی کے نفاذ کی درخواست کی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب سے اب تک چار افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ املاک، مویشیوں، فصلوں اور انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ کئی ارب ڈالر تک ہوسکتا ہے۔

سیلاب کے باعث آئیووا اور نیبراسکا میں دریائے میزوری کے ساتھ ساتھ وسیع زرعی اراضی پانی میں ڈوبی ہوئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب سے بڑی تعداد میں مویشی ہلاک ہوئے ہیں جب کہ کھڑی فصلیں اور ذخیرہ کیا گیا اناج تباہ ہوگیا ہے۔

علاقے کی سڑکیں اور ریل کی پٹریاں زیرِ آب آنے اور انہیں پہنچنے والے نقصان کے باعث ذرائع مواصلات بھی متاثر ہوئے ہیں اور متاثرہ علاقوں تک رسائی مشکل ہو رہی ہے۔

سیلاب کے باعث نیبراسکا کے شہر اوماہا کے نزدیک واقع 'اوفٹ ایئر فورس بیس' کا وسیع حصہ بھی زیرِ آب آگیا ہے۔
سیلاب کے باعث نیبراسکا کے شہر اوماہا کے نزدیک واقع 'اوفٹ ایئر فورس بیس' کا وسیع حصہ بھی زیرِ آب آگیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے صرف نیبراسکا سے اب تک سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے 300 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔

امریکہ کے نیشنل ویدر سروس کے مطابق دریاؤں میں طغیانی بدستور جاری ہے جس کے باعث سیلابی علاقوں میں کھڑا پانی اترنے کا فوری امکان نہیں۔

متاثرہ علاقوں میں کئی چھوٹی آبادیاں اور دیہات پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں جہاں سیلابی پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا ہے۔

نیبراسکا کی ریاستی حکومت کے مطابق ریاست کے زرعی سیکٹر کو سیلاب کے باعث اب تک ایک ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوچکا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث نیبراسکا کے شہر اوماہا کے نزدیک واقع 'اوفٹ ایئر فورس بیس' کا وسیع حصہ بھی زیرِ آب آگیا ہے ۔

یہ ایئربیس امریکی فوج کی اسٹریٹجک کمان کا صدر دفتر ہے جو امریکہ کے جوہری ہتھیاروں کی نگران اور اسے جوہری حملے سے بچانے یا ان کا جواب دینے کی ذمہ دار ہے۔

XS
SM
MD
LG