رسائی کے لنکس

صدر اوباما اور خاتون اول کی انتخابی مہم پر روانگی


صدر اوباما اور خاتون اول کی انتخابی مہم پر روانگی
صدر اوباما اور خاتون اول کی انتخابی مہم پر روانگی

امریکی صدر براک اوباما عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ اتوار سے خاتونِ اول مشل اوباما کے ہمراہ وسط مدتی انتخابات کی مہم شروع کریں گے۔

دو ہفتے بعد کانگریس کے دونوں ایوانوں کے لیے ہونے والے ان اہم انتخابات میں وہ رائے دہندگان کی حمایت حاصل کرنے کی مہم کے سلسلے میں مرکزی امریکی ریاست اوہائیوجائیں گے۔

وسط مدتی انتخابات اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ حکمران ڈیموکریٹک پارٹی کانگریس کے ایوان بالا یا سینٹ اور ایوانِ زیریں یا ایوانِ نمائندگان میں اپنی برتری برقرار رکھ پائے گی یا نہیں۔

رائے عامہ کے حالیہ جائزوں کے مطابق اپوزیشن ریپبلکن پارٹی ایوان زیریں میں برتری حاصل کرسکتی ہے جبکہ سینٹ میں بھی اُسے اضافی نشستوں پر کامیابی ہوگی۔

تازہ ترین سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ریپبلکن پارٹی کے کے ممبران نے ستمبر میں ختم ہونے والی تین مہینوں کی مہم کے دوران ڈیموکریٹ حریفوں کے مقابلے میں زیادہ رقم اکٹھی کی ہے جس سے اُنھیں دونومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات کی اشتہاری مہم اور دوسری ایسی سرگرمیوں پر اخراجات کے لیے لاکھو ں اضافی ڈالر مل گئے ہیں۔

دریں اثناء سابق صدارتی امیدوار سارہ پیلن نے پیش گوئی کی ہے کہ انتخابات ختم ہونے پر اُن کی پارٹی رقص کر رہی ہوگی۔

وہ ہفتہ کو مغربی امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ریپبلکن پارٹی کی ایک ریلی سے خطاب کر رہی تھیں جس میں تقریباََ دو ہزار افراد نے شرکت کی۔ تاہم اپوزیشن جماعت کے دو بڑے امیدوار جلسے میں موجود نہیں تھے۔ ان میں سے ایک سینیٹ کی نشست اور دوسرا گورنر کے عہدے کا اُمیدوار ہے۔ دونوں کا کہنا تھا کہ اُنھیں پہلے سے طے شدہ دوسری انتخابی سرگرمیوں میں حاضری دینا تھی۔

XS
SM
MD
LG