رسائی کے لنکس

امریکہ بیرونی ایندھن پر اپنا انحصار کم کرنا چاہتا ہے


بحر اوقیانوس میں ساحل کے قریب تیل کی دریافت پر 20 سالہ پابندی کو ختم کرتے ہوئے صدر اوباما نے امریکہ میں تیل اور گیس کی سمندر میں دریافت کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیاہے۔انہوں نے کہا کہ انکے یہ منصوبے تیل کے لیے بیرونی ملکوں پر امریکی انحصار کم کرنے میں مدد دینگے اور اس سے توانائی کے صاف ذرائع اور ملکی معیشت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔لیکن ماحول پسندوں کا کہنا ہے کہ صدر کا یہ اعلان امریکی معیشت کو ماحول دوست بنانے کے ان کے اپنے وعدے کی خلاف ورزی ہے۔

امریکہ کے مشرقی اور جنوبی ساحلوں کے قریب سمندر میں تیل اور گیس کی دریافت کے منصوبوں کا اعلان توانائی کے لیے امریکی پالیسی میں ایک اہم تبدیلی کا پتا دیتا ہے۔صدر اوباما کے مطابق یہ فیصلہ آسان نہیں تھا۔

اس بارے میں ان کا کہناتھا کہ توانائی کی ضرورتوں، معاشی ترقی، نوکریوں اور ہمارے کارباری اداروں کو بہتر بنانے کے لیے ایندھن کے روائتی ذرائع کو استعمال کرنا ہوگا اور اسکے ساتھ ساتھ دوبارہ استعمال کے قابل توانائی اور مقامی ذرائع کو بھی فروغ دینا ہوگا۔

دوبارہ قابل استعمال ایندھن کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے صدر اوباما نے یہ اعلان ایک ایسے فائٹر جیٹ کے سامنے کھڑے رہ کر کیا جو کہ بائیو ایندھن سے چلتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر تمام ٹیسٹ کامیاب ہوگئے تو یہ طیارہ ایسے فیول مکسچر سے، جو کہ آدھا نباتاتی ہوگا، آواز کی رفتار سے زیادہ تیز اڑ سکے گا

لیکن ماحول پسندوں کا کہنا ہے صدر اوباما کے اس اقدام سے ماحول میں تبدیلی سے متعلق قانون سازی میں رکاوٹ پیدا ہوسکتی ہے۔

انوائرنمنٹ امریکہ نامی تنظیم کی اینا او ریل یو کہتی ہیں کہ ان منصوبوں سے ہمارا تیل پر انحصار بڑھے گا اور عالمی حدت میں بھی اضافہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نہیں سمجھتی کہ ہم مزید تیل ڈرل کرکے تیل پر انحصار کو کم کر سکتے ہیں۔ خصوصا امریکہ جس کے پاس زیادہ تیل نہیں ہے۔ اگر ہم ساحل کے قریب سے تمام تیل نکال بھی لیں تو یہ ہماری مجموعی ضروریات کا ایک بہت چھوٹا حصہ ہوگا۔

صدر اوباما کے اس منصوبے سے ورجینیا اور فلوریڈا کے ساحلوں سے تقریبا اسی کلا میٹر دورگہرے سمندر سے تیل نکالا جاسکے گا اور خلیج میکسکیو کے مشرقی کنارے پر بھی ڈرلنگ کی جا سکے گی۔آئل کمپنیاں ان منصوبوں پر خوش ہیں۔اس معاملے پر صدر اوباما کو ریپبلکن حمایت کی بھی امید ہے جنہوں نے 2008ءکی صدارتی مہم میں ڈرل بے بی ڈرل کا نعرہ لگا یا تھا۔

صدر اوباما کا کہنا ہے کہ میں اپنے ڈیموکریٹک اور ری پبلیکن دوستوں کی آرا کا انتظار کروں گا۔میں سمجھتا ہوں کہ توانائی کی پالیسی پر ماضی کی کی شکستہ سیاست سے ہم چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں۔

صدر اوباما کے اس منصوبے کے ساتھ ساتھ کچھ ایسی تجاویز کا بھی اعلان کیا گیا ہے جن سے ماحول پسند وں کو بھی خوش کیا جاسکے گا۔ ان تجاویز میں کاروں کی فیول ایفی شینسی کے معیار میں اضافہ اور حکومت کے استعمال کے لیے پانچ ہزار ہائبرڈ کاروں کی خرید داری بھی شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG