رسائی کے لنکس

'سپر ٹیوز ڈے' سے قبل ری پبلکن امیدواران کی مہم جاری


امریکہ کے آئندہ صدارتی انتخاب میں ری پبلکن پارٹی کا امیدوار بننے کی دوڑ میں شریک رہنما پرائمری انتخاب کے 'سپر ٹیوزڈے' سے ایک روز قبل پیر کو پورا دن انتخابی سرگرمیوں میں مصروف رہیں گے۔

امریکی سیاست میں 'سپرٹیوزڈے' اس منگل کو کہا جاتا ہے جب ری پبلکن اور ڈیموکریٹ جماعتوں کے کارکنان صدارتی انتخاب میں اپنی اپنی جماعت کا امیدوار منتخب کرنے کے لیے بیک وقت 10 ریاستوں میں ووٹ ڈالتے ہیں۔

رواں برس نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹ صدر براک اوباما کے مقابلے پر ری پبلکن امیدوار بننے کی دوڑ میں شریک راہنماؤں میں اب تک سب سے آگے میساچوسٹس کے سابق گورنر مٹ رومنی ہیں لیکن انہیں ریاست اوہائیو میں اپنے قریب ترین حریف سابق سینیٹر رک سینٹورم سے کانٹے کا مقابلہ درپیش ہے۔

ایک حالیہ عوامی جائزے کے مطابق اوہائیو میں رومنی کی مقبولیت میں گزشتہ ماہ سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اب انہیں ریاست کے 34 فی صد پرائمری ری پبلکن ووٹر کی حمایت حاصل ہے جو سینٹورم کے حامیوں سے تین فی صد زیادہ ہے۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ تک اوہائیو میں سینٹورم زیادہ مقبول تھے۔

'سپر ٹیوزڈے' کے روز جغرافیائی طور پر متنوع 10 ریاستوں میں ری پبلکن کارکنان اپنے 437 نمائندگان کا انتخاب کریں گے جو اگست میں ہونے والے ری پبلکن کنونشن میں شریک ہوکر پارٹی کے صدارتی امیدوار کو منتخب کریں گے۔

نمائندگان کی یہ تعداد اب تک ہونے والے پرائمری انتخاب کے دوران منتخب کیے جانے والے نمائندوں کے تقریباً برابر ہے جن کی اکثریت رومنی کی حمایت کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ پارٹی کے صدارتی امیدوار کی نامزدگی حاصل کرنے کے لیے کم از کم 1144 نمائندگان کی حمایت درکار ہوتی ہے۔

XS
SM
MD
LG