رسائی کے لنکس

’سپر ٹیوز ڈے‘ میں مٹ رومنی کی اہم کامیابی


امریکی صدارت کے لیے ریپبلکن پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے والوں کے مقابلے میں مٹ رومنی نے ریاست اوہائیو کے پرائمری انتخابات میں بہت کم فرق سے کامیابی حاصل کر لی ہے۔

بدھ کو علی الصباح تقریباً تمام ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد مسٹر رومنی کو اپنے مخالف سابق سینیٹر رک سنٹورم سے 12,000 ووٹ ملے اور دونوں کے درمیان فرق صرف ایک فیصد ووٹوں کا تھا۔

اوہائیو میں کامیابی سے قبل مٹ رومنی ورمونٹ، ورجینیا اور میساچوسٹس میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔ وہ ریاست میساچوسٹس کے گورنر بھی رہ چکے ہیں۔

بوسٹن میں گفتگو کرتے ہوئے رومنی نے صدارتی انتخاب کے لیے اپنی نامزدگی جیت لینے کی پیش گوئی بھی کی۔

’’ہم آج گنتی رہے ہیں۔ ہم کنونشن کے مندوبین کی گنتی کر رہے ہیں جو کہ اچھی معلوم ہو رہی ہے اور ہم نومبر تک کے دنوں کو بھی شمار کر رہے ہیں یہ مزید بہتر دکھائی دیتا ہے۔ ہم آپ کا ووٹ حاصل کریں گے ... اور اس کامیابی کو ہم وائٹ ہاؤس تک لے جائیں گے۔‘‘

ایک حالیہ عوامی جائزے کے مطابق اوہائیو میں رومنی کی مقبولیت میں گزشتہ ماہ سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اب انہیں ریاست کے 34 فی صد پرائمری ری پبلکن ووٹر کی حمایت حاصل ہے جو سینٹورم کے حامیوں سے تین فی صد زیادہ ہے۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ تک اوہائیو میں سینٹورم زیادہ مقبول تھے۔

'سپر ٹیوزڈے' کے روز جغرافیائی طور پر متنوع 10 ریاستوں میں ری پبلکن کارکنان اپنے 437 نمائندگان کا انتخاب کریں گے جو اگست میں ہونے والے ری پبلکن کنونشن میں شریک ہوکر پارٹی کے صدارتی امیدوار کو منتخب کریں گے۔

نمائندگان کی یہ تعداد اب تک ہونے والے پرائمری انتخاب کے دوران منتخب کیے جانے والے نمائندوں کے تقریباً برابر ہے جن کی اکثریت رومنی کی حمایت کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ پارٹی کے صدارتی امیدوار کی نامزدگی حاصل کرنے کے لیے کم از کم 1144 نمائندگان کی حمایت درکار ہوتی ہے۔

XS
SM
MD
LG