رسائی کے لنکس

ری پبلکنز اور ڈیموکریٹ بجٹ سے متعلق معاہدے پر متفق


سینیٹ میں اکثریتی رہنما مچ مکونیل بجٹ معاہدے پر اتفاقِ رائے کے اعلان کے بعد خوش خوش ایوان سے باہر آرہے ہیں۔
سینیٹ میں اکثریتی رہنما مچ مکونیل بجٹ معاہدے پر اتفاقِ رائے کے اعلان کے بعد خوش خوش ایوان سے باہر آرہے ہیں۔

مجوزہ معاہدے کے نتیجے میں امریکی حکومت کو آئندہ دو سال کے لیے درکار فنڈز فراہم کیے جاسکیں گے تاہم اس معاہدے میں امیگریشن سے متعلق متنازع معاملات شامل نہیں۔

امریکی کانگریس میں ری پبلکن اور ڈیموکریٹ رہنماؤں کے درمیان بجٹ تجاویز پر اتفاقِ رائے ہوگیا ہے جس کے بعد حکومت کے شٹ ڈاؤن کا خطرہ بظاہر ٹلتا نظر آرہا ہے۔

اتفاقِ رائے کا اعلان بدھ کو سینیٹ میں ری پبلکن اکثریتی رہنما مچ مکونیل نے کیا۔ سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مکونیل نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ری پبلکنز اور ڈیموکریٹس کے درمیان دفاعی اخراجات اور دیگر ترجیحات سے متعلق جاری مذاکرات کے نتیجے میں ایک معاہدے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

سینیٹ میں ڈیموکریٹ رہنما چک شومر نے بھی ایوان سے اپنے خطاب میں اتفاقِ رائے کی تصدیق کرتے ہوئے معاہدے کو امریکی عوام کے لیے "بہت اچھا " قرار دیا۔

چک شمر نے کہا کہ مہینوں سے جاری قانونی رکاوٹوں کے بعد بجٹ پر ہونے والا یہ معاہدہ ایک حقیقی کامیابی ہے۔

معاہدے کے تحت کانگریس رہنما آئندہ چھ ہفتوں میں معاہدے میں طے پانے والے نکات کی روشنی میں بجٹ ترتیب دیں گے جو کانگریس کے دونوں ایوانوں سے منظوری کے بعد صدر ٹرمپ کو دستخط کے لیے بھیج دیا جائے گا۔

بجٹ کی منظوری کی ڈیڈلائن جمعرات کی نصف شب ختم ہورہی تھی اور اگر اس سے قبل دونوں پارٹیاں بجٹ تجاویز پر متفق نہ ہوتیں تو امریکی حکومت کو ایک اور شٹ ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔

کانگریس کے ڈیموکریٹ ارکان نے گزشتہ ماہ امیگریشن سے متعلق مطالبات تسلیم نہ کرنے پر بجٹ کی منظوری سے انکار کردیا تھا جس پر امریکی حکومت کو تین روز کے لیے شٹ ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مجوزہ معاہدے کے نتیجے میں امریکی حکومت کو آئندہ دو سال کے لیے درکار فنڈز فراہم کیے جاسکیں گے تاہم اس معاہدے میں امیگریشن سے متعلق متنازع معاملات شامل نہیں۔

ڈیموکریٹ رہنما سینیٹر چک شمر نے بھی معاہدہ طے پانے کی تصدیق کی ہے۔
ڈیموکریٹ رہنما سینیٹر چک شمر نے بھی معاہدہ طے پانے کی تصدیق کی ہے۔

ڈیموکریٹ رہنماؤں نے بجٹ سے متعلق کسی بھی معاہدے کو امیگریشن سے متعلق اپنے مطالبات کی منظوری سے مشروط کر رکھا تھا۔ تاہم تاحال یہ واضح نہیں کہ اب امیگریشن سے متعلق ڈیموکریٹس اپنے مطالبات کب اور کیسے منوائیں گے؟

لیکن بدھ کو بجٹ تجاویز پر اتفاقِ رائے کے اعلان کے بعد اکثریتی رہنما مچ مکونیل نے کہا کہ اب کانگریس امیگریشن کے نظام میں اصلاحات کے معاملے پر بحث کرے گی تاکہ صدر اوباما کے دور میں منظور کیے جانے والے اس پروگرام کے مستقبل کا فیصلہ کیا جاسکے جس کے تحت اپنے والدین کے ہمراہ غیر قانونی طور پر امریکہ آنے والے بچوں کو امریکی شہریت دینے کی منظوری دی گئی تھی۔

'ڈاکا' کے نام سے معروف اس منصوبے سے متعلق قانون کی مدت پانچ مارچ کو پوری ہورہی ہے اور ڈیموکریٹ ارکان اس میں توسیع کے خواہش مند ہیں۔

اس کے برعکس صدر ٹرمپ اس قانون کی منظوری کو میکسیکو کی سرحد پر اس مجوزہ دیوار کی تعمیر کے لیے درکار فنڈنگ کی منظوری سے مشروط کرچکے ہیں جو ان کا ایک اہم انتخابی وعدہ ہے۔

XS
SM
MD
LG