رسائی کے لنکس

امریکی سینیٹ کمیٹی نے پومپیو کی نامزدگی کی توثیق کردی


'سی آئی اے' کے موجود ڈائریکٹر اور نامزد وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو
'سی آئی اے' کے موجود ڈائریکٹر اور نامزد وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو

پیر کو ہونے والے اجلاس میں 21 رکنی کمیٹی کے رینڈ پال سمیت 10 ری پبلکن ارکان نے پومپیو کی نامزدگی کی توثیق کی جب کہ کمیٹی کے 10 میں سے نو ڈیموکریٹ ارکان نے ان کی مخالفت میں ووٹ دیا۔

امریکی سینیٹ کی امورِ خارجہ کمیٹی نے 'سی آئی اے' کے سربراہ مائیک پومپیو کی بطور وزیرِ خارجہ نامزدگی کی توثیق کردی ہے۔

پومپیو کی نامزدگی کی توثیق ریاست کنٹکی کے ری پبلکن سینیٹر رینڈ پال کی حمایت کی بدولت ممکن ہوسکی ہے جنہوں نے اور کمیٹی کے تمام 10 ری پبلکن ارکان نے اس سے قبل پومپیو کے خلاف ووٹ دینے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم پیر کو ووٹنگ سے چند لمحے قبل سینیٹر رینڈ پال مائیک پومپیو کی مخالفت سے دستبردار ہوگئے اور یوں ان کے ایک ووٹ کی بدولت سینیٹ کمیٹی نے پومپیو کی نئے وزیرِ خارجہ کے طور پر نامزدگی کی توثیق کردی۔

ووٹنگ سے قبل سینیٹر پال نے اعلان کیا کہ مائیک پومپیو اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جس کے بعد انہوں نے پومپیو کے حق میں ووٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پیر کو ہونے والے اجلاس میں 21 رکنی کمیٹی کے رینڈ پال سمیت 10 ری پبلکن ارکان نے پومپیو کی نامزدگی کی توثیق کی جب کہ کمیٹی کے 10 میں سے نو ڈیموکریٹ ارکان نے ان کی مخالفت میں ووٹ دیا۔

کمیٹی میں شامل گیارہویں ری پبلکن رکن اور جارجیا سے منتخب سینیٹر جونی آئزکسن اجلاس میں شریک نہیں تھے جس کی وجہ سے ریاست ڈیلاور سے منتخب ڈیموکریٹ سینیٹر کرس کونز نے ری پبلکن ارکان کی درخواست پر ووٹنگ کے دوران موجود ہونے کے باوجود اپنا ووٹ کا حق استعمال نہیں کیا تاکہ صرف ایک ووٹ کی اکثریت سے پومپیو کی نامزدگی کی توثیق کی جاسکے۔

اگر رینڈ پال اپنا فیصلہ نہ بدلتے یا جونی آئزکسن بھی دیگر ڈیموکریٹ ارکان کی طرح مائیک پومپیو کی مخالفت میں ووٹ دیتے تو پومپیو امریکہ کی حالیہ تاریخ کے پہلے نامزد وزیرِ خارجہ ہوتے جن کی نامزدگی کو سینیٹ کمیٹی کی توثیق حاصل نہیں ہوتی۔

امورِ خارجہ کمیٹی کی توثیق کے بعد امکان ہے کہ سینیٹ کا پورا ایوان بھی رواں ہفتے مائیک پومپیو کی نامزدگی کی توثیق کردے گا جس کے بعد وہ اختتامِ ہفتہ امریکہ کے 70 ویں وزیرِ خارجہ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

سینیٹ کے تین ڈیموکریٹ ارکان پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ وہ ایوان کے ری پبلکن ارکان کے ہمراہ مائیک پومپیو کی نامزدگی کے حق میں ووٹ دیں گے۔ لہذا امکان ہے کہ سینیٹ بآسانی پومپیو کی نامزدگی کی توثیق کردے گی۔

ڈیموکریٹ سینیٹرز کا موقف ہے کہ مائیک پومپیو امریکہ کے وزیرِ خارجہ بننے کے اہل نہیں کیوں کہ وہ 'سی آئی اے' کا سربراہ بننے سے قبل بطور رکنِ کانگریس دنیا کے بیشتر تنازعات کو طاقت کے ذریعے حل کرنے کے سرگرم وکیل رہے ہیں۔

پومپیو کی نامزدگی پر امورِ خارجہ کمیٹی میں ہونے والی سماعت کے دوران کمیٹی کے سینئر ڈیموکریٹ رکن اور ریاست نیو جرسی کے سینیٹر باب میننڈیز نے کہا تھا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ مائیک پومپیو ایسے شخص ہیں جو ہمیشہ تصادم کے بجائے سفارت کاری کو ترجیح دیں گے۔

تاہم ری پبلکن ارکان کا موقف ہے کہ امریکہ کے وزیرِ خارجہ کے منصب کے لیے پومپیو سے بہتر امیدوار موجود نہیں۔

مائیک پومپیو ریکس ٹلرسن کی جگہ امریکہ کے وزیرِ خارجہ کا منصب سنبھالیں گے جنہیں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ بغیر کوئی وجہ بتائے عہدے سے ہٹادیا تھا۔

XS
SM
MD
LG