رسائی کے لنکس

یہ گمان درست نہیں کہ میں لڑائی کا حامی ہوں: پومپیو


سی آئی اے کے سربراہ مائیک پومپیو نے، جنھیں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وزیر خارجہ نامزد کیا ہے، جمعرات کے روز توثیق کی سماعت کے دوران، سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کو بتایا کہ یہ دعوے درست نہیں کہ وہ جنگی جنون کے حامی ہیں۔

پومپیو نے کمیٹی کے ارکان کو بتایا کہ توثیق ہونے پر وہ ’’سفارت کاری کے ٹھوس حامی ہوں گے‘‘۔

ویسٹ پوائنٹ سے گریجوئیشن کرنے والے سابق فوجی اہل کار نے کہا کہ ’’یہ سفارتی میز ہی ہے جہاں سے ہمیشہ بہترین نتائج برآمد ہوتے ہیں‘‘۔

پومپیو نے یہ بھی کہا کہ وہ محکمہٴ خارجہ کے متعدد عہدے پُر کریں گے جو سابق وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کے دوران خالی رہے ہیں۔

ٹرمپ نے پومپیو کو ملک کے اعلیٰ ترین سفارت کار کا عہدہ سنبھالنے کے لیے اُس وقت نامزد کیا جب گذشتہ ماہ اُنھوں نے ٹلرسن کو عہدے سے ہٹایا۔ ٹلرسن کے صدر کے ساتھ کشیدہ تعلقات رہے، جب کہ وہ کئی بار وائٹ ہاؤس کے عملے کے ساتھ بھی الجھ پڑے تھے۔

پومپیو ’ٹی پارٹی‘ کے سابق قدامت پسند رُکن کانگریس ہیں۔ اُن کی ٹرمپ سے خاصی قربت ہے، اور خیال کیا جاتا ہے کہ وہ ٹرمپ کے ’سب سے پہلے امریکہ‘ کے اندازِ فکر کے دل سے حامی ہیں۔

’انٹرنیشنل کرائسس گروپ‘ سے تعلق رکھنے والے، اسٹیفن پومپر نے کہا ہے کہ توثیق ہونے کی صورت میں، پومپیو کی صدر کے ساتھ قربت بہتر نتائج برآمد کرے گی۔

XS
SM
MD
LG