رسائی کے لنکس

صومالیہ میں الشباب کے ٹھکانوں پر امریکی فوج کے فضائی حملے


انتہاپسند گروپ الشباب کے مسلح عسکریت پسند موگادیشو کی باکرا مارکیٹ میں گشت کر رہے ہیں۔ فائل فوٹو
انتہاپسند گروپ الشباب کے مسلح عسکریت پسند موگادیشو کی باکرا مارکیٹ میں گشت کر رہے ہیں۔ فائل فوٹو

امریکی فوج نے کہا ہے کہ اس نے صومالیہ میں انتہاپسند گروپ الشباب کے خلاف دو فضائی حملے کیے ہیں۔ تاہم فوج نے فضائی حملوں کے نتیجے میں ہلاکتوں اور نقصان کے بارے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی۔

امریکی فوج کی افریقہ کے لیے کمانڈ نے کہا ہے کہ آئندہ سے فضائی حملوں میں ہلاکتوں اور نقصانات کے متعلق معلومات صومالیہ کی حکومت جاری کیا کرے گی۔

ہفتے کے روز امریکہ نے اعلان کیا تھا کہ اس نے انتہاپسند گروپ کے خلاف ایک نیا حملہ کیا ہے جس میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد کئی مہینوں کے دوران کیے گئے حملوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ اس حملے میں القاعدہ گروپ سے تعلق رکھنے والے 52 عسکریت پسند ہلاک ہوئے تھے۔

یہ حملہ انتہاپسند گروپ کی جانب سے صومالی فوج کے خلاف ایک حملے کے جواب میں کیا گیا تھا۔

امریکی حکومت کے ایک تازہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ حملہ ہفتے کے روز مرکزی جوبا کے علاقے میں واقع جلب کے نزدیک کیا گیا۔

امریکہ نے صدر ٹرمپ کے اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے الشباب کے خلاف ڈرامائی طور پر حملے شروع کر دیے ہیں، اور انتہاپسند گروپ کے محفوظ ٹھکانوں کے خاتمے کے لیے پچھلے سال کے دوران کم ازکم 47 حملے کیے ہیں۔

XS
SM
MD
LG